Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوشل میڈیا پر غم وغصے کا باعث بننے والی وائرل ویڈیو کا کردار عثمان مرزا گرفتار

منگل کی شام پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو...
اپ ڈیٹ 07 جولائ 2021 09:16am

منگل کی شام پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی جس کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہوگیا۔ ویڈیو میں ایک شخص، ایک جوڑے کو بری طرح سے پیٹ رہا تھا، ان کے کپڑے کھینچ رہا تھا، لڑکی کو برہنہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لڑکے کو مار رہا تھا، اس کے کپڑے اتروا رہا تھا۔

کچھ اکاؤنٹس سے مزید ہولناک اطلاعات بھی دی جا رہی ہیں لیکن ابھی تک ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ مناظر اتنے خوفناک تھے کہ سوشل میڈیا پر باقاعدہ لوگ لکھ رہے تھے کہ وہ سہم گئے ہیں۔ درجنوں خواتین کی جانب سے ایسی ٹوئٹس سامنے آئیں۔ یہ عثمان مرزا کون ہے، کیا کرتا ہے، اس کے بارے میں فی الحال جو کچھ سامنے آیا ہے، وہ پیش کر رہے ہیں۔

انسانی حقوق کے کارکن عمار علی جان نے وائرل کلپ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا، 'اوپر سے نیچے تک ہمارا معاشرہ چھوٹے ظالموں کے زیر اثرہے۔ عثمان مرزا جیسے درندے اس ثقافت کی پیداوار ہیں جس میں انہیں معلوم ہے کہ وہ استثنیٰ کے ساتھ بھیانک تشدد کا ارتکاب کرسکتے ہیں۔ بدقسمتی سے خواتین کو ہمارے نظام کی درندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔'

سوشل میڈیا صارف اقصیٰ حکیم نے اپیل کی ہے کہ، 'براہ کرم لڑکی اور اس شخص کے ساتھ جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ویڈیوز کو حذف کریں۔ آس پاس ایسے گمراہ لوگ موجود ہیں جو جنسی تشدد کی ایسی حرکتوں کو دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔'

نگہت داد لکھتی ہیں، 'اگر بابر اعوان اور معمول کے اداکاروں کو گھریلو تشدد کے بل پر مزاحمت کرنے کے بعد کچھ وقت مل جاتا ہے تو عثمان مرزا جیسے عصمت دری کرنے والوں کے خلاف کچھ کریں جو اسلام آباد میں آزاد گھوم رہے ہیں۔ یا کسی کو وزیراعظم عمران خان کو یہ خوفناک ویڈیوز پیش کرنا چاہئں کیونکہ ان کے مشیر تو ایسا نہیں کریں گے۔'

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس لڑکی کو عثمان نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا یا اس کے ساتھیوں نے۔

سینیٹر فیصل سبزواری نے حکام سے ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم سینئر صحافی مبشر زیدی نے عثمان مرزا کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے جاری کردہ پیغام کے مطابق پولیس نے فوراً تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کردی۔

عثمان مرزا یا مرزا عثمان آٹو لینڈ کا مالک ہے جو اسلام آباد میں اراضی کی خرید و فروخت میں کام کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر لگائی اس کی اپنی پوسٹس سے اتنا تو واضح ہے کہ یہ شخص پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہے۔ اسلام آباد سے مستند ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس کے کچھ شو رومز ہیں۔ ماضی کی ویڈیوز اور اس کی سوشل میڈیا پوسٹس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس نے بندوقیں اپنے ارد گرد رکھی ہوئی ہیں جن میں سے ایک پر اس کا اپنا نام بھی کندہ ہے۔

ٹویٹر

Viral Video

Usman Mirza