Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون پرواز، خبریں بے بنیاد قرار

دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کے حوالے ...
شائع 03 جولائ 2021 09:15am

دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کے بارے میں کئے جانے والے دعوؤں کا ابھی تک کوئی ثبوت بھی شیئر نہیں کیا گیا کیونکہ ایسا کوئی واقعہ درحقیقت ہوا ہی نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انڈین میڈیا کے کچھ حصوں میں بھارتی وزارت خارجہ کی رپورٹس اور بیانات کو دیکھا ہے جن میں یہ الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بے بنیاد الزامات کی کوئی حقیقت نہیں اور ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کوئی ثبوت شیئر نہیں کیے گئے۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہندوستان کی جانب سے یہ پروپیگنڈا اسی وقت ہو رہا ہے جب 23 جون کے لاہور دھماکے میں اب تک جمع کیے گئے شواہد تیزی سے بیرونی قوتوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، جن کی پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کی باقاعدہ تاریخ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان توجہ ہٹانے والے بھارتی حربوں اور جھوٹے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کے حق میں جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انڈین ہائی کمیشن کے پاس ڈرون دکھائی دینے کے معاملے پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ پاکستان کو اس بات کی جانچ کرنی چاہئے کہ ہائی کمیشن کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی کیسے ہوئی۔

انہوں نے کہا، '26 جون کو اسلام آباد میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون دکھائی دیا تھا، ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اس معاملے کی جانچ کرے گا اور یقینی بنائے گا کہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے ۔'

خیال رہے کہ پاکستان پر بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون پرواز کا الزام ایسے وقت میں لگایا گیا جب مقبوضہ کشمیر میں واقع انڈین ایئرفورس اسٹیشن پر ڈرون سے دو حملے ہوئے۔ اس حملے کے بعد بھی مسلسل ڈرون کا دیکھا جانا جاری ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی مشن کے پاس ڈرون کی موجودگی اس وقت دیکھی گئی جب وہاں ایک پروگرام چل رہا تھا۔ جس دن پاکستان میں یہ واقعہ پیش آیا، اسی دن جموں میں ایئرفورس اسٹیشن پر پہلا ڈرون حملہ ہوا تھا۔

Zahid Hafeez Chaudri

foreign ministry

spokesperson