Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

'پاکستانی سرزمین افغان جاری تنازعے میں استعمال نہیں ہورہی'

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ...
شائع 01 جولائ 2021 08:19pm

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی سر زمین افغانستان میں جاری تنازعہ میں استعمال نہیں ہو رہی اوراس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس جاری ہے ۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت کو اہم خارجہ امور، داخلی سلامتی، اندرونی چیلنجز، خطے میں وقوع پذیر تبدیلیوں خصوصاً تنازعہ کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پرجامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

اسپیکراسد قیصرکی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس جاری ہے ۔

اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت، رہنماﺅں اور اراکین کو اہم خارجہ امور، داخلی سلامتی، اندرونی چیلنجز، خطے میں وقوع پذیر تبدیلیوں خصوصاً تنازعہ کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

شرکاءکو بتایا گیا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اخلاص کے ساتھ نہایت مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ پاکستان کی بھرپور کاوشوں کی بدولت نہ صرف مختلف افغان دھڑوں اور متحارب گروپوں کے مابین مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی بلکہ امریکہ اور طالبان کے مابین بھی بامعنی گفت و شنید کا آغاز ہوا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان افغانستان میں عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گا اور افغان امن کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار جاری رکھے گا۔

اجلاس کومزید بتایا گیا کہ پاکستان کی سر زمین افغانستان میں جاری تنازعہ میں استعمال نہیں ہو رہی اوراس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ کسٹمز اور بارڈر کنٹرول کا بھی موثر نظام تشکیل کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور افغانستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایسے اجلاس نہ صرف اہم قومی امور پر قومی اتفاق رائے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ مختلف قومی موضوعات پر ہم آہنگی کو تقویت دینے کا بھی باعث بنتے ہیں۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سمیت قومی سلامتی اداروں کے سربراہان نےاجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔