امپائر نے شکیب الحسن اور محموداللہ کے رویے سے تنگ آکر امپائرنگ چھوڑ دی
ڈھاکا:بنگلہ دیش بنگلہ دیش کے ایک امپائر نے گزشتہ دنوں ڈھاکا پریمیئر لیگ میں آل راؤنڈر شکیب الحسن اور محموداللہ کے رویوں سے تنگ آکر امپائرنگ چھوڑ دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن کو امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وکٹوں پر لات مارتے اور وکٹیں گراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی طرح یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ محمود اللہ نے بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا اور وہ تو احتجاجاً پچ پر ہی لیٹ گئے تھے۔
تاہم اب میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متاثرہ امپائر منیرالزمان نے امپائرنگ ہی چھوڑ دی ہے۔
کرکٹ کی ایک ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے منیر الزمان کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا، اور میں اب امپائرنگ نہیں کرنا چاہتا، میری کچھ عزت ہے اور میں اس کے ساتھ جینا چاہتا ہوں۔
بنگلہ دیشی امپائر نے مزید کہا کہ "میں شکیب کے میچ کے دوران موجود تھا، جس طرح کا رویہ اس نے اختیار کیا وہ میرے لیے برداشت کرنا بہت ہی مشکل تھا جبکہ محموداللہ کے میچ میں میں ٹی وی امپائر تھا اور میں ان کا معاملہ بغور دیکھ رہا تھا، اور اسی لمحے میں نے فیصلہ کرلیا کہ میں مزید امپائرنگ نہیں کروں گا۔"
Comments are closed on this story.