Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شوہر مانی نے حِرا سے متعلق سالوں پرانے راز کھول دئے۔۔۔

پاکستان کے معروف اداکاروں میں سے ایک سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے...
شائع 30 جون 2021 08:58am

پاکستان کے معروف اداکاروں میں سے ایک سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے اپنی اہلیہ حِرا کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ میری بُرائی کرنے پر انہوں نے اپنی دوست کو تھپڑ مار دیا تھا۔

گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان کی جانب سے مانی کو ان کی اہلیہ سے متعلق ایک راز بتانے کی درخواست کی گئی۔ جس پر مانی نے 9 سال پرانا ایک قصّہ سنایا۔

مانی نے بتایا، 'ایک مرتبہ حِرا کی دوست نے انہیں کہا کہ تمہارا شوہر تو کامیڈین ہے جس کے بعد حرا نے اسے زوردار تھپڑ رسید کر دیا۔'

'ہماری گاڑی میں کہیں جا رہی تھیں کہ حرا نے اپنی دوست سے کہا اسی وقت گاڑی سے اتر جاؤ، ڈرائیور نے مجھے فون کیا اور کہا مانی بھائی باجی پاگل ہو گئی ہیں۔ میرے پوچھنے پر اس نے کہا مجھے نہیں معلوم کیا وجہ ہے لیکن پیچھے جھگڑا ہو گیا ہے۔'

اداکار کا کہنا تھا کہ 'میں نے ڈرائیور سے کہا حرا کی دوست کو گھر چھوڑ کر آنا ہے۔ '

اس سے قبل ایک انٹویو میں اداکارہ حرا مانی کا کہنا تھا کہ جب میرے گھر والے آتے ہیں تو مانی الماریاں لاک کر دیتا ہے اور چابیاں اپنے پاس رکھ لیتا ہے۔

حرا کی بات پر سلمان ثاقب نے جواب دیتے ہوئے بتایا، 'حرا کے بھائی میری ساری شرٹس لے جاتے ہیں، میرے سارے سالے ایک ہی سائز کے ہیں۔'

مانی کا کہنا تھا کہ 'میں شوٹ کیلئے رات کو شرٹ رکھتا ہوں لیکن صبح وہ نہیں ہوتی۔'

واضح رہے کہ حرا مانی اپنے کرداروں کی وجہ سے خواتین میں بے حد مقبول ہیں جو اس بات کو بھی سراہتی ہیں کہ 19 سال کی عمر میں شادی اور دو بچوں کے باوجود وہ پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں صفِ اول کی اداکاراؤں میں اپنا نام بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

ان کے مشہور ڈراموں میں ’یقین کا سفر‘، ’پگلی‘، ’ٹھیس‘، ’دل موم کا دیا‘، ’آنگن‘، ’بندش‘، ’دوبول‘، ’میرے پاس تم ہو‘، ’غلطی‘ اور ‘کشف‘ شامل ہیں۔

شوبز میں اپنے کام اور سوشل میڈیا پر اپنی نجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر اظہار کی وجہ سے وہ اکثر ٹرولنگ کا شکار بھی رہتی ہیں لیکن حرا سمجھتی ہیں کہ اظہارِ رائے کی آزادی سب کا حق ہے۔

اداکارہ حرا اور مانی نے 2008 میں کم عمری میں شادی کی تھی اور اب دونوں کے دو بچے بھی ہیں۔

دوسری شادی۔۔۔

سلمان ثاقب شیخ نے ماضی میں دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ حِرا سے 10 سال تک اس شادی کو چھپایا۔

میزبان شائستہ لودھی کے ٹی وی شو "گپ شپ وِد شائستہ" میں انٹرویو کے دوران میزبان شائستہ نے ان سے سوال کیا کہ 'کیا آپ کی اہلیہ حِرا کو آپ کی شادی کے بارے میں معلوم تھا؟ '

تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'حِرا کو میری پہلی شادی کے بارے میں معلوم نہیں تھا، اگر ہوتا تو وہ مجھ سے کبھی شادی نہیں کرتی۔'

انہوں نے بتایا کہ 'ان کی پہلی شادی 12 سال قبل آمنہ سے ہوئی تھی جبکہ ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام نیّر ہے۔'

مانی نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ' ایک دن میری پہلی اہلیہ اور بیٹا اچانک میرے گھر پر آگئے اور پیسوں کا مطالبہ کرنے لگے، اُسی دن حِرا کو میری پہلی شادی کا علم ہوا۔'

اداکار نے کہا کہ 'جب حِرا کو میری پہلی شادی اور بیٹے کا معلوم ہوا تو اس کو کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ اس نے یہ تک کہا کہ بیٹے کو بھی گھر لے آؤ، وہ بھی میرے بیٹے جیسا ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'حِرا دل کی بہت اچھی ہیں اور وہ جانتی تھیں کہ اب میری پہلی شادی ختم ہو چکی ہے۔'

مانی نے مزید کہا کہ 'شکر ہے اس وقت ٹی وی اور انٹرنیٹ کا دور نہیں تھا ورنہ یہ بات ٹی وی پر آجاتی۔'

بعد ازاں مانی نے اچانک زور دار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ 'یہ صرف ایک فرضی کہانی ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں، اگر میری شادی ایسے ہوئی ہوتی تو اِس کا علم انسان تو کیا جانوروں کو بھی ہوتا۔'

hira mani