سابق نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو خالق حقیقی سے جا ملے
پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ کٹبار شریف میں دوپہر 12 بجے ادا کی جائے گی جب کہ تدفین کٹبارشریف تحصیل لہڑی کے آبائی قبرستان میں ہوگی۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد اور دیگر ججز نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق میر ہزار خان کھوسو گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، ان کا انتقال کوئٹہ کے ایک نجی ہسپتال میں ہوا۔
میر ہزار خان 30 ستمبر 1929 کو بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے ایک گاؤں گوٹھ اعظم خان میں پیدا ہوئے تھے۔
میر ہزار خان کھوسو عام انتخابات کے انعقاد کے دوران 25 مارچ 2013 سے پانچ جون 2013 کے دوران ملک کے نگران وزیراعظم رہے۔
انہوں نے قانون کی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی تھی اور کوئٹہ سے بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج بنے۔
کیریئر کے آغاز میں میر ہزار خان کھوسو کوئٹہ لا کالج میں پروفیسر بھی رہے۔ وہ اپنے علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بھی سرگرم رہے۔
Comments are closed on this story.