Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ہم امریکا کے ساتھ اپنے طریقے سے تجارت کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ...
شائع 26 جون 2021 11:16am

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ اپنے طریقے سے تجارت کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے مستقبل میں بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں اور وزیراعظم کہہ چکے ہیں افغانستان میں جنگی فتوحات کے اعلانات شروع ہوئے تو سرحد سیل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو نے امریکا کے ساتھ تعلقات کی نئی جہت کا تعین کیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر امید کا اظہار کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان سے متعلق اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے جبکہ امریکا سے تجارت اپنے طریقے سے کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں اور پاکستان نے 1970 میں چین امریکا تعلقات میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آج بھی پاکستان چین اور امریکا کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور پاک افغان سرحد کے 90 فیصد علاقے پر ہم باڑ لگا چکے ہیں۔ ہم افغانستان میں ایک مستحکم حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان افغانیوں کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ ہم نے افغان طالبان کو پہلے امریکا اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کیا۔ افغانستان کا حل اس انداز سے نکلنا چاہیے کہ تمام متحارب دھڑے شامل ہوں۔

fawad chaudhry

US Pakistan Relations