Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیوایم لندن کے کارکنان گرفتار، اینٹی ایئرکرافٹ گن، راکٹ لانچر سمیت بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیرراِزم ڈیپارٹمنٹ عمر شاہد کا کہنا ہے...
اپ ڈیٹ 22 جون 2021 12:15pm

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیرراِزم ڈیپارٹمنٹ عمر شاہد کا کہنا ہے کہ میرپور خاص سے ایم کیوایم لندن کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے اینٹی ایئرکرافٹ گن اور راکٹ لانچر سمیت بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان کو واسع جلیل اور انیس ایڈووکیٹ نے ٹریننگ کیلئے بھارت بھجوایا جہاں محمود صدیقی نے اُنہیں ہینڈل کیا۔ انیس ایڈووکیٹ کو شامل تفتیش کرلیا۔ "را تربیت کیس" میں واسع جلیل کی گرفتاری کیلئے خط لکھا جائے گا۔

سی ٹٰی ڈی سول لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی میرپور خاص سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، گرفتار ملزمان کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی پالیسی تھی کہ کارکنوں کو باقاعدہ انڈیا بھیجنا ہے، میرپور خاص اور بارڈر علاقے سے اسلحہ و دیگر پار کرایا جاسکے۔ گرفتار ملزمان بھی انڈیا سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو جودھپور، دہلی اور دیگر شہروں میں تربیت دی گئی، بانی ایم کیوایم کے علاوہ انیس ایڈوکیٹ اور واسع جیل مرکزی افراد تھے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ گرفتار افراد کا واسع جلیل و دیگر سے رابطے کا انکشاف ہوا ہے، دو ایم کیو ایم کے بڑے لیڈر تھے جو انڈیا لڑکے بھیجنے کی ذمہ داری رکھتے تھے۔

عمرشاہد کے مطابق ملزم نعیم نے تہران میں انیس ایڈوکیٹ سے ملنے اور احکامات لینے کا انکشاف کیا، انیس ایڈووکیٹ کو دوبارہ بلایا جائے گا، انہیں ملک چھوڑنے سے منع کیا ہے۔ ملک سے باہر جانے پر پابندی اور ان کا شناختی کارڈ بلاک کروا دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر بڑی تعداد میں اسلحہ ملا ہے، واسع جیل کے حوالے سے انٹر پول سے مدد لی جائے گی، کارروائی کی جارہی ہے۔

عمر شاہد کے مطابق کچھ بینکنگ ٹرانزیکشن بھی مشکوک پائی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹائون کی تفتیش کراچی پولیس کے پاس ہے، گرفتار ملزمان سے ابھی ابتدائی تفتیش ہوئی ہے۔

محمود صدیقی سابق صدر اے پی ایم ایس او اب بھارت میں ہے ان سے تانے بانے مل رہے ہیں، ایک سال پہلے کراچی یونیورسٹی میں کارروائی کی گئی تھی، کراچی حیدر آباد اور میر پور خاص سے گرفتار ملزمان محمود صدیقی سے رابطے میں تھے۔

Altaf Hussain

MQM Pakistan