Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نو منتخب اسرائیلی وزیراعظم نفاتلی بینیٹ کے بارے میں جانئے

نفتالی بینیٹ عبرانی ریاست اسرائیل کی تاریخ میں طویل ترین عرصہ...
شائع 15 جون 2021 09:23am

نفتالی بینیٹ عبرانی ریاست اسرائیل کی تاریخ میں طویل ترین عرصہ حکمراں رہنے والے بنجامن نیتن یاہو کی وزارت عظمیٰ کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور بروز اتوار دائیں بازو کے سیاسی رہنما نفتالی بینیٹ کی حکومت کو اسرائیلی پارلیمنٹ میں منظور کرلیا گیا۔

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے نئے وزیر اعظم کی ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے، جس کے مطابق 49 سالہ نفتالی بینیٹ 25 مارچ 1972ء کو حیفا میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ہجرت کرنے والے یہودی امریکی ہیں۔

بینیٹ نے ایک سیکولر گھر میں پرورش پائی تاہم جب وہ چھوٹے تھے تو ان کا گھرانہ دھیرے دھیرے مذہب کی جانب مائل ہونا شروع ہو گیا۔

بینیٹ نے اسرائیلی فوج کے ایلیٹ یونٹس میں ایک بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں ںے بیت المقدس میں یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ گریجویشن کے بعد بینیٹ نے ایک اعلیٰ ٹیکنالوجی کی کمپنی قائم کی۔ اس کے بعد کئی برس انہوں نے نیویارک میں گزارے۔ وہاں انہوں نے "Cyota" کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کیا۔ یہ کمپنی اینٹی فراڈ سافٹ ویئرز تیار کرتی ہے۔

اسرائیل واپسی پر بینیٹ نے سیاست کا رخ کیا۔ وہ 2006ء سے 2008ء تک بنجامن نیتن یاہو کے دور میں چیف آف اسٹاف بھی رہے۔ بعد ازاں نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ کے ساتھ اختلاف کے باعث انہیں لیکوڈ پارٹی میں شمولیت سے روک دیا گیا۔

نومبر 2012ء میں بینیٹ کو "The Jewish Home" پارٹی کا سربراہ چن لیا گیا۔ انہوں نے 2013ء کے انتخابات میں پارٹی کی قیادت کی جس نے پارلیمںٹ میں 12 نشستیں حاصل کیں۔ شدت پسند صہیونی جماعت نے 36 برسوں میں ایسا رہنما نہیں دیکھا۔ بینیٹ 19 ویں منتخب پارلیمنٹ میں وزیر معیشت، وزیر مذہبی امور اور پردیسیوں کے امور کے وزیر بھی رہے۔

بینیٹ نے 2015ء کے انتخابات کے بعد پہلے تو وزیر دفاع کی کرسی حاصل کرنے کی کوشش کی جس کا وعدہ نیتن یاہو نے ووٹنگ سے قبل ان سے کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں وہ وزیر تعلیم کے عہدے پر براجمان ہو گئے۔

بینیٹ نے وزارت تعلیم کو فرقہ واریت سے آگے کی شناخت مضبوط بنانے کے لئے استعمال کیا۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ ہائی اسکولوں کے طلبہ کو ریاضی اور طبعیات میں خصوصی توجہ دینے کے لیے سراہا اور اسرائیل کے لیے ان شعبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اگرچہ بینیٹ نئے آرتھوڈکس کے طور پر جانے جاتے ہیں تاہم مذہبی قانون سازی کبھی بھی ان کا شغف نہیں رہی۔ ان کی مذہبی پاسداری دیگر کٹر سیاست دانوں سے کم ہی رہی۔ مثلاً وہ خوایتن سے مصافحہ بھی کرتے ہیں۔ ان کی بیگم جیلٹ اپنے سر کے بال بھی نہیں ڈھانپتی ہیں۔

دسمبر 2018ء میں قبل از وقت انتخابات کی کال دی گئی تو بینیٹ نے اپنی شراکت دار ایلیٹ شاکید کے ساتھ اپریل 2019ء کے انتخابات سے قبل "New Right" پارٹی کے نام سے ایک نئی جماعت تشکیل دے دی۔ تاہم دونوں شخصیات انتخابات کی دہلیز پار کرنے سے قاصر رہیں۔

مارچ 2021ء کے انتخابات میں بینیٹ کی جماعت نے 7 نشستیں جیت لیں۔ بینیٹ نے 30 مئی کو اعلان کیا تھا کہ وہ اگست 2023ء تک قومی یکجہتی کی وسیع حکومت میں بطور وزیر اعظم کام کریں گے۔ ستمبر 2023ء سے یائر لپید وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

گذشتہ روز اتوار کو 120 نشستوں والے اسرائیلی پارلیمنٹ نے رائے شماری کے ذریعے بینیٹ کی حکومت کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ اس طرح نیتن یاہو کا مسلسل 12 سالہ اقتدار اختتام کو پہنچا۔

نفتالی بینیٹ اسرائیل کی تاریخ میں دائیں بازو کی مذہبی جماعت کے پہلے سربراہ ہیں جنہوں نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔

بینیٹ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ 'آئندہ حکومت تمام اسرائیلی عوام کے لئے کام کرے گی، میں سمجھتا ہوں کہ ہم کامیاب ہوں گے۔'

naftali bennett