'وزیراعظم نے انٹرنیٹ ڈیٹا پر ٹیکس کی تجویز مسترد کر دی'
وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں انٹرنیٹ ڈیٹا پر فی جی بی پانچ روپے ٹیکس لگانے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کرتے ہوئے لکھا، 'ایک تجویز دی گئی کہ انٹرنیٹ ڈیٹا پر فی جی بی پانچ روپے ٹیکس لگایا جائے۔'
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ 'وزیراعظم صاحب اور کابینہ نے اسے منظور نہیں کیا۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ انٹرنیٹ تک رسائی ہر شخص کو ہونی چاہئیے اس لئے انٹرنیٹ پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ تاکہ یہ عام آدمی کی قوت خرید میں رہے۔'
واضح رہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ موبائل سروسز پر موجودہ ود ہولڈنگ ٹیکس 12.5 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردیا جائے گا اور کچھ عرصے بعد 8 فیصد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی آئندہ بجٹ میں موبائل فون کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائی جارہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 3 منٹ سے زائد جاری رہنے والی موبائل فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال، ایس ایم ایس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائی جارہی ہے جس سے آبادی کے بڑے حصے پر ٹیکس نافذ ہوگا۔
تقریر کے اختتام پر وزیر اعظم عمران خان نے وزیر خزانہ کو ان کی نشست پر جا کر شاباشی بھی دی۔
Comments are closed on this story.