Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں امریکا کی کسی بھی فوجی ایئربیس کی موجودگی کا امکان مسترد

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت ...
اپ ڈیٹ 08 جون 2021 08:48pm

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کے انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ ایک ہفتے میں مکمل کرلیاجائے گا۔

منگل کے روز وزیراعظم کے زیرصدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ابتدائی طورپرہم نے بار کونسلوں اور پریس کلبوں کے انتخابات کےلئے تجرباتی طورپر 500 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی ابتدائی آزمائشیں ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تمام 36 شرائط پوری کردی گئی ہیں یہ مشینیں تین کمپنیاں بنارہی ہیں۔

فوادچوہدری نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کےحق سے محروم کرنےکےلئے عدالت میں پی ایم ایل این کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے پرپرزورنکتہ چینی کی اور کہاکہ انہیں ووٹ کا بنیادی حق دیناہماری اولین ترجیح ہے.ہمیں اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے جواب کا انتظار ہے تاکہ قانون سازی عمل مکمل کیاجاسکے۔

کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے بحری امور کے وزیر علی حیدرزیدی کوہدایت کی کہ وہ ترسیل اورنقل وحمل کے سلسلے میں اصلاحات کو قطعی شکل دیں۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے کابینہ کو فوجداری قانون میں اصلاحات کے بارے میں بتایا۔

کابینہ کو آگاہ کیاگیاکہ احساس پروگرام سے 1کروڑ 70لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں۔احساس پروگرام کو مزید شفاف بنانے کےلئےاس کا ڈیٹاڈیجیٹلائز کیاجارہاہے۔

کابینہ کو یہ بھی بتایاگیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن 100ارب روپےسے زیادہ کی فروخت کررہی ہے اور پہلی مرتبہ یہ خسارے سے نکلی ہے۔

کابینہ نے کورونا وباء کے خلاف لڑنے کےلئے تاجکستان کی مدد کےلئے کورونا امدادی پیکج کی منظوری دی۔

کابینہ نے پاکستان کے قومی ترانے کو جدید انداز میں ریکارڈ کرنے کی بھی منظوری دےدی۔

ایک سوال کےجواب میں وزیراطلاعات نےکہاہم حزب اختلاف سےمذاکرات کرنے کو تیار ہیں تاہم بدعنوان عناصر کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مبشرحسین کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیاگیا ہے جبکہ طارق ملک کو دوبارہ چیئرمین نادرا تعینات کردیا گیا ہے۔

کابینہ نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں شہید ہونے والوں اور کینیڈا میں قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

فواد حسین چوہدری نے کہاکہ کینیڈا میں ہونے والا واقعہ وزیراعظم عمران خان کے تحفظات کا ثبوت ہے کہ مغرب میں اسلام کی مخالفت میں اضافہ ہورہا ہے.

واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کابینہ نے مغربی ممالک پرزوردیا کہ وہ اسلام کی مخالفت کے بنیادی سبب کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے فوری اقدامات کریں۔

پاکستان میں امریکی ایئربیس پر بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات نے پاکستان میں امریکا کی کسی بھی فوجی ایئربیس کی موجودگی کے امکان کو مسترد کردیا اورکہا کہ اس طرح کی تمام سہولیات پاکستان کے اپنے زیراستعمال ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنا کوئی فضائی اڈہ نہیں دے سکتا۔

ریڈیو پاکستان

fawad chaudhry

cabinet meeting

Federal Information Minister