Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کنگنا رناوت کا محافظ دھوکا دہی اور زیادتی کے الزام میں گرفتار

بولی وڈ کی معروف ترین اداکارہ کنگنا رناوت کے باڈی گارڈ کو دھوکا...
شائع 31 مئ 2021 09:02am

بولی وڈ کی معروف ترین اداکارہ کنگنا رناوت کے باڈی گارڈ کو دھوکا دہی اور زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی ممبئی پولیس نے جمعہ کو کنگنا رناوت کے محافظ کمار ہیگڑے کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف ممبئی کے تھانے میں خاتون میک اپ آرٹسٹ نے ایک ماہ قبل دھوکا دہی، جنسی زیادتی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا، پولیس نے ملزم کو صفائی دینے کے لیے طلب کیا مگر انہوں نے تعاون نہ کیا۔

جس کے بعد ممبئی پولیس نے ریاست کرناٹک کے دیہی علاقے ہیگڈاہلی کی پولیس کی مدد سے کمار ہیگڑے کو گرفتار کیا۔

کمار ہیگڑے کے خلاف درج کروائے گئے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہیگڑے نے شادی کا وعدہ کر کے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا اور والدہ کی بیماری کے نام پر 50 ہزار روپے ادھار بھی لیے۔

مدعی میک اپ آرٹسٹ نے پولیس کو بتایا کہ کمار نے ادھار لی گئی رقم واپس نہیں کی اور پھر ادھار سے مکر گئے۔

کرناٹک پولیس نے ملزم کو ممبئی پولیس کے حوالے کردیا ہے، جہاں انہیں اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

FIR

Kangana Ranaut