Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انٹرپول کی وارننگ کے باوجود خطرناک مواد سے لوڈ جہاز گڈانی پہنچ گیا

انٹرپول کی وارننگ کے باوجود 1500 سوٹن خطرناک مرکری ملے تیل سے بھرا...
شائع 26 مئ 2021 08:23am

انٹرپول کی وارننگ کے باوجود 1500 سوٹن خطرناک مرکری ملے تیل سے بھرا جہاز گڈانی پہنچ گیا۔ انتہائی خطرناک مواد سے بھرا جہاز توڑنے کے لیے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ لایا گیا ہے۔

اس جہاز کو خطرناک مواد کی وجہ سے بنگلہ دیش اور بھارت نے اپنی حدود میں گھسنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

تاہم ممبئی میں جہاز کا نام تبدیل کرکے "ایف ایس او راڈینٹ" سے "چیریش" کردیا گیا، جس کے بعد بحری جہاز چیریش 21 اپریل کو ممبئی سےکراچی پہنچا، جہاز مالکان نے مبینہ طور پر متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے جہاز 30 اپریل کو گڈانی پہنچایا۔

واضح رہے کہ انٹرپول نے 22 اپریل کو پاکستان انٹرپول اور ایف آئی اے کو جہاز روکنے کے لیے کہا تھا، جہاز میں 15 سو ٹن انتہائی خطرناک مرکری ملا تیل کا سلیج موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق ای پی اے بلوچستان نے متعلقہ اداروں کی رپورٹ کے بغیر ہی جہاز کاٹنے کی اجازت دے دی، انٹرپول کے خط پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی اور وزارت بحری امور سمیت 3 وفاقی وزارتیں صرف خطوط کا تبادلہ کرتی رہیں۔ ایم ایس اے، ای پی اے بلوچستان اور کسٹمز ممنوعہ مواد لانے والے جہاز کو روکنے کے ذمہ دار تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے فیس بک پیج پر بھی بحری جہاز چیریش کے ساحل پر لگنے کی اطلاع دی گئی۔

خیال رہے کہ 2016 میں بھی گڈانی میں خطرناک مواد والے جہازپر آگ لگنے سے درجنوں مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔

Interpol