Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول بھٹو نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دے دیا

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء بلاول بھٹو زرداری نے...
شائع 23 مئ 2021 12:59pm

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دے دیا اور کہا کہ عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر شوکت عزیز اور پرویزمشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔

ایک بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دیتےہوئے کہا کہ جب پوری دنیا میں معاشی بحران آیا تھا، اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا کہ جتنا اکیلے عمران خان نے کردیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ عمران خان اپنے محسن ڈکٹیٹر پرویزمشرف کے دور میں ہونے والی 50 فیصد شرح غربت کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، اگر عمران خان کے بڑھتے قدموں کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگادیں گے کہ جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جاسکے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے وصول کرکے عمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑارہی ہے، اپنے پیچھے معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر عمران خان شوکت عزیز اور پرویزمشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی، عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے ،دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں، پاکستان کے عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

pm imran khan

karachi

PPP Chairman

Bilawal Bhutto Zardari

Pervez Musharraf