پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابو ظبی میں کرانے کی منظوری
پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز ابو ظبی میں کرانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے مکمل منظوری ملنے کی تصدیق کی ہے۔
پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی جب کہ یہ اجلاس آج ہی ہوگا۔
یپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، کرکٹ بورڈ اور ابوظبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائےگی جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔
معاملات کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد فائنل سمیت بقیہ 20 میچز ابوظبی میں کرائے جائیں گے۔
Comments are closed on this story.