Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسرائیلی دہشتگردی پر بلایا گیا سلامتی کونسل کا اجلاس ویٹو، چین امریکا پر برہم

چین نے مشرق وسطی کے تناؤ میں امریکا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے...
شائع 20 مئ 2021 08:38am

چین نے مشرق وسطی کے تناؤ میں امریکا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے فلسطین سے متعلق اجلاس کو ویٹو کر کے سلامتی کونسل کو مفلوج کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل سے فلسطین کے ساتھ مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر امریکا کا کردار مایوس کن ہے۔ امریکا نے اس اہم مسئلے پر بلائے گئے اجلاس کو ویٹو کرکے سلامتی کونسل کو مفلوج کردیا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں صارفین سے سوال کیا کہ جب فلسطینی عوام تکلیف میں مبتلا ہیں تو انسانی حقوق کے علمبردار امریکا اس اقدام پر حق بجانب ہے یا یہ امریکی مفادات کے لیے اسرائیل کو اپنی خدمات پیش کرنے کا ایک بہانہ ہے؟ اور کیا یہی بات امریکا اصول پر مبنی بین الاقوامی آرڈر کہتا ہے؟

قبل ازیں پیر کے روز پریس کانفرنس میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے امریکا سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے اور اس اہم ذمہ داری کو پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ ہم نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو اتوار تک صرف مؤخر کیا ہے، اجلاس کو منسوخ نہیں کیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور فلسطین کے اس اہم ایشو پر امن کے لیے گفتگو کے لیے مزید وقت ملے۔ اتوار کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے جائیں گے۔

china

Terrorist State Israel

Israeli Terrorism