Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ابوظہبی میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد مشکل

ابوظہبی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے سخت...
اپ ڈیٹ 19 مئ 2021 03:11pm

ابوظہبی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے سخت شرائط آڑے آنے لگیں۔

ذرائع کے مطابق امارات میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 کی میزبانی کی تصدیق کے باوجود ایونٹ کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا اور ابوظبی میں میچز کے انعقاد کے لیے سخت شرائط آڑے آرہی ہیں۔

پی سی بی کے ذرائع کا بتانا ہےکہ پی سی بی کو آپریشنل، کووڈ ویکسین، سفری پروٹوکولز اور دیگر کئی مسائل درپیش ہیں اس لیے کڑی شرائط میں پی سی بی کے لیے میچز کا انعقاد ممکن نہیں جس کے باعث پی ایس ایل کے ابو ظہبی میں انعقاد کے امکانات اب بھی ففٹی ففٹی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی کی فرنچائز مالکان کے ساتھ آج اہم میٹنگ ہے جس میں بڑا فیصلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی بھی مؤخر ہوگئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو موصول پیغام میں کہا گیا ہےکہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔

خیال رہے کہ پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔

معاملات کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد فائنل سمیت بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کرائے جائیں گے۔

ابوظہبی

PSL6