Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رنگ روڈ اسکینڈل: اپوزیشن رہنماؤں کے حکومت پر تابڑ توڑ حملے

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ...
اپ ڈیٹ 18 مئ 2021 01:38pm

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کے لیے رنگ روڈ بڑھایا گیا، تاحال کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا اسکینڈل میں سابق کمشنر راولپنڈی اور افسران ملوث تھے، الزامات پر تحقیقات عمران خان کے دور میں ہی ہوسکتی ہیں، حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہونا چاہیے۔ طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔

اس معاملے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی پھٹ پڑے۔ بولے رنگ روڈ منصوبے میں اربوں کی کرپشن ہوئی، نیب کو وزیروں کی کرپشن نظر نہیں آتی، حکومت اصل مجرموں کو بچانا چاہتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہر وزیر پر کرپشن کے مقدمات ہیں لیکن گرفتاری نہیں ہوئی، جواب دینا ہوگا۔ ایک معاون خصوصی نے استعفا دے دیا، یہ سب پیسا بنانے یہاں آئے ہیں۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی تابڑ توڑ لفظی وار کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے رنگ روڈ منصوبے کی توسیع کی منظوری دی، انکوائری کے آرڈر نہ دیں، تماشا نہ بنائیں۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان اور عثمان بزدار کو گرفتار کر کے انکوائری کرانے کا مطالبہ بھی داغ دیا، کہا استعفے لیکر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

‏‏ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بھی حکومت پر چڑھائی کردی۔ انہوں نے کہا رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ نے حکومت کو بے نقاب کردیا۔

شیری رحمان نے ٹوئٹ میں لکھا، کیا یہ وہی لوگ ہیں جو کرپشن ختم کرنے آئے تھے؟ ‏رپورٹ کے بعد بھی کسی کے خلاف ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ تباہی سرکار کی کرپشن کا احتساب اب عوام کرے گی۔

ن لیگی رہنما عطا تارڑ نے بھی مطالبہ کیا کہ رنگ روڈ سے زلفی بخاری کو فائدہ پہنچایا گیا، ثبوت موجود ہیں، عمران خان کے اجلاس کی کاپی مل گئی، نیب وزیراعظم کو رنگ روڈ پر نوٹس دے۔

لیگی رہنما نے کہا نیب کو تمام شواہد پیش کرنے کو تیار ہیں، غلام سرور کو بھی فائدہ پہنچایا گیا، غلام سرور کی بھی ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں، غلام سرور کو مناظرے کا بھی چیلنج دے دیا۔ جہانگیر ترین اور ندیم بابر پر بھی کھل کر تنقید کی۔

عطا تارڑ نے کہا زلفی کو فائدہ دینے کا ہدایت نامہ موجود ہے، عمران نے 20 اپریل کو رنگ روڈ کی تبدیلی تسلیم کی، زلفی بخاری کی زمینوں کو مالی فائدہ دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے خلاف ایف آئی آر میں قیمت نہیں لکھی، چینی کی برآمد کی اجازت بھی وزیراعظم نے دی۔

ring road corruption scandal