Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

'اسرائیلی جارحیت سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں'

فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے 'او آئی سی' کی...
اپ ڈیٹ 16 مئ 2021 06:34pm

فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے 'او آئی سی' کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں۔ہم فلسطین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ہمیں جارحیت رکوانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔پاکستان رکن ممالک کی طرف سے اٹھائے جانے والے ہر قدم میں شریک کار ہونے کے لئے آمادہ و تیار ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص القدس الشریف اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ اور مضبوط لائحہ عمل طے کریں۔فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت اپنے قیام سے ہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک واضح اور نمایاں اصول رہا ہے۔بربریت اور منظم جرائم کی مذمت کے اظہار کے لئے الفاظ کا دامن ناکافی ہے، صورت حال ناقابل برداشت ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ استعمال عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اورکھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نےکہافلسطینیوں کےتحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔عالمی برادری فوری مداخلت کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم رکوانے کےلئے ٹھوس اقدامات کرے اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور روکاجائے۔سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی اورانسانی حقوق کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر فی الفورعمل کرایا جائے۔انسانیت کے خلاف جرائم پر اسرائیل کو جوابدہی سے راہ فرار اختیار نہ کرنے دی جائے۔

FM Qureshi

OIC

gaza conflict