Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

متحدہ عرب امارات میں'عیدی' پر پابندی عائد

عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک سال سے زائد عرصے سے معمولاتِ زندگی...
شائع 11 مئ 2021 10:47am

عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک سال سے زائد عرصے سے معمولاتِ زندگی کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے جس سے ہر قسم کے تہوار اور سماجی تعلقات پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز اور نئی اقسام کے پھیلاؤ کی وجہ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عیدالفطر پر بھی مختلف پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے حوالے سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کیے گئے تھے اور عید کے حوالے سے علیحدہ پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

تاہم عید کے موقع پر سب سے اہم چیز بچوں کے لیے عیدی ہوتی ہے لیکن وبا کے پھیلاؤ کے باعث اماراتی حکام نے نقدی اور تحائف کی صورت میں عیدی دینے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

حکام نے عیدالفطر کے دوران کورونا وبا کے پیش نظر پانچ احتیاطی تدابیر کا اعلان کیا ہے، ان میں اہم بات بچوں کی عید کی نقدی پر پابندی بھی شامل ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے عیدالفطر پر مختلف احتیاطی تدابیر کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی کی جانب سے 29 رمضان سے 3 شوال تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے اور متعلقہ اتھارٹی کی جانب سے کورونا حفاظتی قواعد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اس دوران حکام کی جانب عید کی تقریبات کو ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد تک محدود رکھنے اور میل جول سے گریز کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اماراتی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر میل جول اور اجتماعات سے گریز کریں اور اپنی عید گھر میں گزاریں۔

عید کے موقع پر ذاتی حیثیت میں مبارکباد دینے کی بجائے برقی مواصلاتی ذرائع کے استعمال سے عید کی مبارکباد دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں عیدالفطر پر پڑوسیوں کے مابین تحائف اور کھانے پینے کے تبادلے سے منع کیا گیا ہے۔

عیدالفطر پر عیدی دینے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق نقدی یا تحائف کی صورت میں عیدی کی مقبول روایت سے بھی دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

تاہم اگر عیدی دینا بہت ہی ضروری ہے تو بینک اکاؤنٹ میں آن لائن ذرائع سے رقم منتقل کی جاسکتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی بزرگوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کے مطابق آج یو اے ای میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 507 کیسز سامنے آئے اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ مزید ایک ہزار 467 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے آغاز سے اب تک یو اے ای میں کورونا وائرس سے 5 لاکھ 37 ہزار سے افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 615 انتقال کرچکے ہیں۔

UAE