Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت کا شہباز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد:حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے...
شائع 09 مئ 2021 03:12pm

اسلام آباد:حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر نے شہباز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں عدالت کو درست طریقے سے بات بتائی نہیں گئی، ہم تمام حقائق عدالت کے سامنے رکھیں گے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کچھ لوگ حقائق کو خراب اور عوام کو گمراہ کررہے ہیں، 55 والیومز لے کر آیا ہوں، یہ وہ ذرائع اور آپ کیخلاف ثبوت ہیں، جنہیں آپ ختم نہیں کرسکتے چاہے جہاں جاکر ٹکریں ماریں، پی این آئی ایل لسٹ کی باقاعدہ ایس او پیز ہیں، نئی لسٹ بن رہی ہے، نیا ورکنگ ڈے آیا تو عدالتی آپشن پر کام کریں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف کو جس طریقے سے باہر جانے کی اجازت ملی وہ بھی ہمارے نظام کی خامی ہے، یہاں بڑے لوگوں کیلئے الگ اور باقیوں کیلئے الگ قوانین ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں ہمارے اختیارات لا محدود نہیں، حکومت حاصل کرلی لیکن نظام کیخلاف جنگ جاری ہے، شریف فیملی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، دو ادوار میں منظم کرپشن کی گئی، چھوٹے چوروں کو بھی وہی حقوق ملنا چاہئیں جو بڑے چوروں کو حاصل ہیں۔

وزیراطلاعات نے مزیدکہا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے عدالتوں، پراسیکیوشن کے اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

fawad chaudhry

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Shehzad Akbar

Govt