Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی حکومت مہنگائی کر کے عوام کو لوٹ رہی ہے،بلاول بھٹو

کراچی :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مافیاز کی...
شائع 05 مئ 2021 01:39pm

کراچی :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کر کے عوام کو لوٹ رہی ہے، کم آمدنی والے گھرانے کیلئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں بدترین مہنگائی میں عام آدمی کیلئے زندگیاں گزارنا مشکل ہوگیا ہے، مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کر کے عوام کو لوٹ رہی ہے، کم آمدنی والے گھرانے کیلئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے، کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک کے اضافہ کر دیا گیا ہے، عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافہ ہوگیا ہے جس کا مطلب ہے ،عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے، ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا، یہ عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے، عام آدمی کہاں جائے کھانے پینے کی اشیا 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے مدینے کی ریاست میں پھلوں کی قیمتوں میں 25.2 فیصد اضافہ کردیا گیا، ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک ہوشربا اضافہ ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام پس رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی میں ہم نے بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا ءکیا ہے، کارڈ کے اجرا ءسے لاکھوں خاندانوں کی زندگی آسان بنائیں گے، محنت کشوں کو بیماری میں بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے میڈیکل گرانٹ مہیا کی جائے گی،بچوں کے تعلیمی اخراجات، شادی کیلئے گرانٹ دیں گے، مکان کا وعدہ پورا کرنے کیلئے کارڈ سے رہائشی اسکیموں میں خصوصی رعایت ملے گی،کسی حادثے میں معذور ہوجانے پر بینظیر کارڈ سے گریجویٹی اور تاحیات پنشن ملے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کارڈ سے بیوہ کو عدت گزارنے کی رقم اور لواحقین کی امداد ہوگی، رجسٹرڈ مزدوروں کا علاج نجی اسپتالوں میں کرائیں گے، پیپلز پارٹی وفاق میں اقتدار میں آکر ملک بھر میں محنت کشوں کیلئے بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا کرے گی، ہم عوام اور مزدوروں کے ساتھ تھے ،ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

pm imran khan

karachi

PPP Chairman

Bilawal Bhutto Zardari