Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول بھٹو کی ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومت پر کڑی تنقید

کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک...
شائع 04 مئ 2021 01:23pm

کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومت پر کڑی تنقیدکرتےہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب ہوش کے ناخن لیں، سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

اپنے جاری کئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب ہوش کے ناخن لیں، مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1 فیصد جبکہ سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے، المیہ ہے ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لا رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا، مختصر افطار کے دسترخوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنا رہے ہیں، عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں، خان صاحب اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں سندھ حکومت کا بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا غریبوں کے زخموں پر مرہم ہے پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بناکر ملک بھر میں مزدوروں کیلئے بینظیر کارڈ جاری کرے گی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے ملک کیا چلائیں گے ،تیل، گھی، چینی، آٹے، سبزیوں اور گوشت سمیت ہر شے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

pm imran khan

karachi

PPP

government

Bilawal Bhutto Zardari