وڈیو کلپ سوشل میڈیا اسٹار کی جیل یاترا اور جرمانے کا سبب بن گیا
ابوظہبی میں ایک عدالت نے سوشل میڈیا کی مشہور شخصیت کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزام میں قصور وار ٹھہرایا ہے۔
الزام کے مطابق مذکورہ شخصیت نے ایک شاہراہ عام پر اپنی سواری 205 کلو میٹر فی گھنٹہ کی جنونی تیز رفتار سے چلائی۔ اس شخصیت نے اپنی اور شاہراہ استعمال کرنے والوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔ مزید یہ کہ اس شخصیت نے اپنی سواری اور اپنی طاقت پر تفاخر کے اظہار کے طور پر اس واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کر دی ۔
عدالت نے ایک اور شخص کو بھی قصور وار ٹھہرایا جس پر الزام تھا کہ اس نے مرکزی ملزم کے ساتھ اتفاق رائے اور جوش دلانے کی صورت میں اس جرم میں اپنی شراکت کو یقینی بنایا۔ اس دوسرے شخص نے اس پورے واقعے کی وڈیو بنائی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے لیے گاڑی چلانے والی پہلی شخصیت کو بھرپور طریقے سے اکسایا۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو تین ماہ کی جیل اور ہر ایک کو ایک ، ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی۔ علاوہ ازیں اس مجرمانہ کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موبائل فونوں کو ضبط کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔ اماراتی خبر رساں ایجنسی "وام" کے مطابق مرکزی ملزم کا ڈرائیونگ لائسنس چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے جب کہ اس عرصے میں اسے سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ عدالت نے وڈیو کلپ کو حذف کرنے اور واقعے میں استعمال ہونے والے دونوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش کا بھی حکم دیا۔
Comments are closed on this story.