Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیاسی انجینئرنگ کیلئے ادارے استعمال کئے جارہے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ...
شائع 28 اپريل 2021 03:31pm

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک دہشت گرد بیٹھا ہے، جو اداروں کو ملوث کرکے ڈرا دھمکا کر اپوزیشن کو قید کرنے کا کہتا ہے، سیاسی انجینئرنگ کیلئے ادارے استعمال کئے جا رہے ہیں،(ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، یہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے یہ مسلط شدہ حکومت سے چھٹکارا دلانے کی جنگ ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مافیاز کے گینگز نے کبھی ایسی حرکتیں نہیں کیں جو وزیراعظم ہاؤس سے کی جارہی ہیں، تاریخ میں کبھی وزیر اعظم آفس کے اندر گھناؤنے جرائم کا ارتکاب نہیں ہوا،اداروں کے سربراہ کو بلا کر کہا جاتا ہے کہ مقدمات بنائیں، سیاسی انجینئرنگ کیلئے ادارے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک دہشتگرد بیٹھا ہوا ہے، وزیراعظم اداروں کو ملوث کرکے ڈرادھمکا کراپوزیشن رہنماؤں کو قید کرنےکا کہتےہیں،بشیر میمن ایک ادارے کے سربراہ تھے اور ادارے کا سربراہ ذمہ داری سے بات کرتا ہے، لوگوں کو سمجھ آگیا ہے کہ مافیاز یا گینگ کیا ہوتے ہیں۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ اتنی سیاسی انجینئرنگ کے باوجود نتیجہ کیا رہا، حکمرانوں کو پھر بھی ہر محاذ پر نا اہلی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کی مثال نہیں ملتی، دنیا میں آپ منہ دکھانے کے قابل نہیں، عوام پر مہنگائی اور لاقانونیت کا عذاب آیا ہوا ہے،عمران خان ناکام ہو گئے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی سے حکومت سے جان چھٹ جائے اچھا ہے، اگر پیپلزپارٹی استعفوں میں شامل ہو جاتی تو اس وقت حکومت گھر جاچکی ہوتی، سیاسی جماعتیں اختلافات کے باوجود بھی ایک دوسرے کےساتھ چلتی ہیں۔

pm imran khan

Maryam Nawaz

vice president

اسلام آباد