Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے...
شائع 25 اپريل 2021 01:47pm

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو ملک میں ہوشربا مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے کر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیااور کہا کہ عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اور استعفی دے کر گھر جائیں۔

ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟ ادویات کی قیمتوں میں 100فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے،میڈیکل اسٹور پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے، وزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کرپارہے۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو چیلنج دیا ہے کہ مہنگائی کے خاتمے کے دعوے کرنے والے عمران خان کرائے کے گھر میں رہنے والے ایک عام آدمی کا مہینے کا بجٹ بنا کر دکھادیں، عمران خان کے وزیراعظم ہوتے ہوئے کوئی ایک عید ایسی نہیں گزرے گی جس میں مہنگائی کی وجہ سے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کیلئے آسان ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کیخلاف مہم کا جھانسہ دے کر عوام کو چینی کے حصول کیلئے لمبی قطار میں کھڑا کردیا، دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں، اگر 3سال تبدیلی کیلئے کم ہیں تو 8سالوں میں خیبرپختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کے مہنگے علاج کے علاوہ اور کیا تبدیلی آئی؟ ،وزیراعظم صاحب، لنگر خانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کو کچھ کرکے دکھانا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 68 روپے زیادہ دینے والے عام آدمی کو روٹی کے نوالے تک سے محروم کرنے کی کوشش کی، آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کے جرائم کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہوکر زیادہ منافع کے حصول کیلئے ہر چیز مہنگی کردیتا ہے،عمران خان کی تبدیلی یہ ہے کہ اپنے سرمایہ دار دوستوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر عام آدمی کو مہنگائی کے شکنجے میں کس دیا جائے۔

pm imran khan

karachi

PPP Chairman

resign

Bilawal Bhutto Zardari