Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد آج پیش کی جائے گی'

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے...
شائع 20 اپريل 2021 08:29am

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کے بعد معاملات طے پاگئے ہیں، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لیے پارلیمنٹ میں آج قرارداد پیش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کالعدم تحریک لبیک ملک بھر سے تمام تر دھرنے ختم کرے گی، مسجد رحمتہ للعالمین سے بھی دھرنے کو ختم کیا جائے گا، بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا، جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔

مقدمات ختم کیے جائیں گے اورجن کے نام شیڈول فور میں ہیں انہیں نکالا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دیا جائے گا۔

اس سے قبل گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے یرغمال بنائے گئے11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑا تھا۔ ٹی ایل پی والے مسجد رحمتہ اللعالمین چلے گئے تھے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی کل قوم سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تمام مسلم ممالک کے ساتھ سے مل کر گستاخی کیخلاف دنیا بھر میں مہم چلانے کا اعلان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مہم چلانا ہو گی، ذمہ داری لیتا ہوں مہم کو لیڈ کروں گا، تمام اسلامی ممالک مل کر گستاخی کرنے والے ممالک کا تجارتی بائیکاٹ کریں گے تو فرق پڑے گا، صرف پاکستان نہیں تمام مسلمان ممالک کو متفقہ مؤقف اپنانا ہو گا۔

خیال رہے کہ کالعدم تحریکِ لبیک پاکستان، پیغمبر اسلام کے توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کی ملک سے بے دخلی کے مطالبے پر احتجاج کر رہی ہے۔

Sheikh Rasheed

TLP Protest