Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: دو مقامات پر احتجاج جاری، ٹریفک بلاک

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن، حب ریور روڈ، اسٹار...
شائع 13 اپريل 2021 10:15am

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بلدیہ 4 نمبر (حب ریور روڈ/ناردرن بائی پاس) اور کورنگی ڈھائی نمبر میں سڑکیں تاحال بند ہیں، کورنگی ڈھائی سے تین نمبر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں اور شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے جب کہ شارع فیصل اسٹارگیٹ پر دونوں ٹریک پر ٹریفک بحال ہے، ملیر سے ائیرپورٹ آنے اور جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔

ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ حسن اسکوائر پل کے نیچے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی اور یونیورسٹی روڈ پر بھی ٹریفک بحال ہے جب کہ ٹاورچوک پر سڑک کھول دی گئی ہے۔

دھرنا فٹ پاتھ پر منتقل ہو گیا ہے اور سڑک کے دونوں ٹریک پر اس وقت ٹریفک بحال ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے شہری زحمت سے بچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

گزشتہ روز احتجاج کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ کئی فلائٹس لیٹ ہوئیں، متعدد شہری ایئر پورٹ بھی نہ پہنچ سکے۔

گزشتہ روز احتجاج کے باعث کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام تہنس نہس ہوکر رہ گیا، شام 5 بجے کے بعد ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، زینب مارکیٹ، گورنر ہاؤس، شارع فیصل، لیاقت آباد، فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد، پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی اور دیگر مقامات پر بدترین ٹریفک جام سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

لاکھوں شہری کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے، اسٹار گیٹ کے قریب احتجاج کے باعث ایئر پورٹ جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی تادیر معطل رہی جس کے باعث مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

رات 9 بجے کے بعد کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ٹریفک کی بدترین صورتِ حال کے پیشِ نظر ریلوے نے سر سید ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور خیبر میل کو ڈرگ روڈ اور لانڈھی میں 2 منٹ کا اسٹاپ دیا تاکہ اطراف کے علاقوں کو جانے والے مسافر آرام سے گھروں کو پہنچ سکیں۔

karachi

TLP Protest