Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ترقیاتی فنڈز جاری کرنے سے متعلق کیس، سماعت ملتوی

سپریم کورٹ میں وزیر اعظم اور وزرا اعلیٰ کی جانب سے ترقیاتی فنڈز...
شائع 12 اپريل 2021 06:04pm

سپریم کورٹ میں وزیر اعظم اور وزرا اعلیٰ کی جانب سے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیےکہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں پینے کا پانی میسرنہیں،شہروں میں عالی شان اسکول ہوتے ہیں، دیہی علاقوں میں تعلیم کا برا حال ہے۔متوازن ترقی اور وسائل کی مساوی تقسیم آئینی ذمہ داری ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نےریمارکس دیےکہ صوبوں کے کئی علاقوں میں ضرورت سے زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ایسے علاقے بھی ہیں جہاں عوام کو بالکل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔بلوچستان کے کئی علاقوں میں پینے کا پانی میسر نہیں۔ موٹروے سے نیچے اتریں تو سڑکوں کے حال کا پتہ چلتا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ لاہور میں اربوں خرچ کر دیے گئے، باقی پورا پنجاب چیخ رہا ہے۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ قومی اکنامک پالیسی بنانا عدالت کا کام نہیں، کس ضلع کو فنڈز دیے جائیں یہ عدالت کیسے کہہ سکتی ہے۔آپ کی درخواست اچھی ہے لیکن اس میں ترمیم کر لیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو آئینی درخواست میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

Supreme Court of Pakistan