Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاشی لحاظ سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے، رضا باقر

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر 26 فیصد بڑھی...
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2021 10:41am
کاروبار

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر 26 فیصد بڑھی ہیں، عید پر یہ مزید بڑھ سکتی ہیں، ملک میں آٹو موبائل شعبے میں بہتری آئی ہے، معاشی لحاظ سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے روایتی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

پی ایس ایکس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ کورونا سے قبل معاشی اشاریے مستحکم تھے، کورونا وباء کے چیلنج کے باوجود بہتر معاشی پالیسی اپنائی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے، رواں سال مارچ میں ترسیلات زر کا حجم 2ارب 70 کروڑ ڈالر رہا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلسل دسویں مہینے 2 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مارچ کے مقابلے میں رواں سال مارچ کی ترسیلات زر 43 فیصد زائد ہیں، رواں مالی سال کے 9 مہینوں کی ترسیلات 21 اعشاریہ 50 ارب ڈالر رہیں جبکہ رواں مالی سال کے9 مہینوں کی ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کےمقابلے میں 26 فیصد زائد ہیں۔

گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں لوگ خوف کا شکار ہیں، میں اور ڈپٹی گورنرز معیشت کے معاملات بہتر طریقے سے مانیٹر کر رہے ہیں۔

رضا باقر نے بتایا کہ بینکوں میں استحکام اور اعتماد کیلئے ہم معاونت کر رہےہیں، ہاؤسنگ سمیت دیگر شعبوں کو مانیٹرکیا جارہا ہے، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 9فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ سیمنٹ کی فروخت ایک سال میں 44 فیصد بڑھ گئی ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آٹو سیکٹر میں ایک سال میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، زرمبادلہ کے ذخائرمیں بھی اضافہ ہوا، رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم تیسری کورونا لہر میں مضبوط معاشی انڈیکیٹرز کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔

PSX

Governor SBP

Raza Baqir