'مولانا پارٹی کو نہیں بلکہ اپنے خاندان کو مضبوط کررہے ہیں'
جمیعت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹرمولانا گل نصیب خان نے بٹ خیلہ میں پارٹی رہنما مولانا جاوید کی رہائش گاہ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا شاہی خاندان طرز سیاست کررہے ہیں،پارٹی نہیں بلکہ اپنے خاندان کو مضبوط کررہے ہیں۔
خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پارٹی نہیں چلے گی جس میں گھر سے ایک مرکزی،ایک صوبائی،ایک ضلعی امیر اور ایک پارلیمانی لیڈر ہو،پی ڈی ایم کی کامیابی سے بھی مولانا صاحب کو کشمیر کمیٹی کی چیرمین شپ کے علاوہ کچھ نہیں ملنے والا۔
جلسے سے مرکزی رہنما و سابق ایم این اے مولانا شجاع الملک اور مولانا جاوید نے بھی خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سیاست سے صرف بلاول اور مریم بی بی نے فائدے حاصل کئے جبکہ مولانا کو مایوسی ہوگی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج ہمارا آئینی اور معززادارہ ہے پی ڈی ایم کی جانب سے ہمارے معزز اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا ہے ہم اس قسم ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ہم بکنے والے نہیں ہیں اور نہ کوئی ہمارا قیمت لگا سکتے ہیں البتہ ہمیں یہ ضرور معلوم ہے کہ کس کو کب اور کیا فائدے ملے ہیں مقررین نے کہا کہ مولانا عوام اور پاکستان سے مخلص نہیں،انہیں صرف اپنے خاندان کی فکر ہے جن کی مضبوطی کیلئے وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہیں،انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مولانا کی سیاست کا مزید حصہ بننے سے الگ ہوجائیں اور ہماری تحریک کاحصہ بنیں۔
Comments are closed on this story.