Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے شاہراہ قائدین پر قائم نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دے دیا

کراچی :سپریم کورٹ نے شاہراہ قائدین پر قائم نسلہ ٹاور کو...
شائع 08 اپريل 2021 02:55pm

کراچی :سپریم کورٹ نے شاہراہ قائدین پر قائم نسلہ ٹاور کو غیرقانونی قرار دے کر گرانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں شاہراہ قائدین پر تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ شاہراہ قائدین اورشاہراہ فیصل کے سنگم پر نسلہ ٹاور کی انسپکشن ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے خود کیوں انکوائری نہیں کی؟ جس پر کمشنر کراچی نے کہا کہ ایس بی سی اے کی رپورٹ کے مطابق عمارت نالے پر نہیں ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ایس بی سی اے نے تو سب سے زیادہ گھپلے کے ہیں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایک حصہ غیرقانونی ہے وہ گرادیں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے والے معلوم ہے کون ہیں؟ ان ہی لوگوں نے سب بنایا ہے اور بنوایا ہے، پی ای سی ایچ ایس میں کوئی پلاٹ خالی نہیں تھا یہ کہاں سے آگیا ؟ ۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا کہ روڈ کی ری الائنمنٹ ہوئی تھی جس میں یہ زمین سامنے آئی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا تو اس کو بیچ دیں گے ؟ کیا کررہے ہیں آپ لوگ ؟ یہ ایس بی سی اے کا کیا دھرا ہے ،کل سپریم کورٹ اور چیف منسٹر ہاؤس بھی الاٹ کردیں گے، کیا تماشہ لگایا ہوا ہے آپ لوگوں نے ؟

عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے منصوبے زیرغور ہیں منظوری کیلئے، جس پر ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا کہ ہمارے پاس 319 منصوبوں کی درخواستیں ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگوں سے جو چاہیں الاٹ کرالیں، مولانا صاحب کو سامنے لا کر کھڑا کردیا ہے اصل آدمی تو کوئی اور ہے، کیا نام ہے اس آدمی کا وہی چلا رہا کے ایس بی سی اے، ایس بی سی اے ایسی جگہ ہے جہاں سے پیسہ نکلتا ہے، اسے چلانے والے کوئی اور ہیں اور جو سامنے ہیں وہ نہیں چلا رہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ ریونیو، سب رجسٹرار آفس اور ایس بی سی اے یہ وہ جگہیں جہاں سب سے زیادہ مال آتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ نسلہ ٹاور غیرقانونی بنا ہوا ہے بلڈر تو غائب ہے، نہیں آتا، بلڈر نے ان لوگوں کو سامنے کھڑا کیا ہوا ہے اور رپورٹ بھی اپنے حق میں بنوالی ہے، 50سال پرانا علاقہ ہے کوئی پلاٹ خالی نہیں لیکن یہ پلاٹ نکال دیا گیا۔

عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہم پلاٹ کینسل کررہے ہیں آپ بلڈنگ گرادیں۔

karachi

karachi supreme court registry

Gulzar Ahmed

cheif jsutice

Nasla Tower