خوشاب میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ، 4افراد جاں بحق
خوشاب میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے 4افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان باآسانی فرار ہوگئے ۔
خوشاب میں مخالفین نے 4افراد کی جانیں لے لیں،سندرال روڈ پر گھات لگائے ملزمان نے عدالت پیشی پرجانےوالے6افرادپر اندھادھندفائرنگ کردی،فائرنگ سے 4افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ واقعے میں 2افراد زخمی بھی ہوئے ۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچیں اورلاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ،واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
آرپی او سرگودھا ریجن نے خوشاب میں 4 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا
دوسری جانب ریجنل پولیس آفیسر (آرپی او)سرگودھا ریجن اشفاق خان نے ضلع خوشاب میں 4 افراد کے قتل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خوشاب کو فوری وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
آر پی اواشفاق خان نے ہدایت کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ،مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا خوشاب میں فائرنگ سے 4 افراد کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خوشاب میں فائرنگ سے 4 افراد کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Comments are closed on this story.