Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے جہانگیر ترین کا بڑا بیان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین...
شائع 07 اپريل 2021 08:33am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ جہانگیر خان ترین پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو جائیں گے، جس پر پی ٹی آئی رہنما کا رد عمل سامنے آ گیا ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی پی قیادت سے ملاقات اور شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہو گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود نے بھی رد عمل دیتے ہوئے جہانگیر ترین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری جہانگیر ترین سے حالیہ دنوں میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔

شہلا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جہانگیر ترین نے مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی ہے اور اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اس ملاقات میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے اور اگر واقعی ایسا ہوگیا تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا۔

PPP

Jahangir Tareen