Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپوزیشن کو لانگ مارچ کرنا ہے تو بڑے شوق سے کرے، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو...
شائع 04 اپريل 2021 03:27pm

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو لانگ مارچ کرنا ہے تو بڑے شوق سے کرے ،اپوزیشن کو لانگ مارچ کرنا ہی نہیں تھا، لاہور جلسے کے بعد اپوزیشن ٹھس ہوگئی،کریک ڈاؤن شروع ہو گا تو سارے چور اندر جائیں گے، پہلی دفعہ دیکھ رہاہوں اپوزیشن ایک دوسرے کو ہی نوٹس دے رہی ہے۔

اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرداخلہ شیخ رشیدنے اپوزیشن پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ پہلی دفعہ دیکھ رہا ہوں اپوزیشن ایک دوسرے کو ہی نوٹس دے رہی ہے،پی پی اور ن لیگ الگ الگ راستے پر چل پڑی ہیں ،کریک ڈاؤن شروع ہو گا تومہنگائی کرنے والے سارے چور اندر جائیں گے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے کوئی درخواست نہیں آئی، وزیراعظم نے بھی واضح کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سورج مغرب سے نکل سکتا ہے جب تک کشمیر پر قبضہ ختم نہیں ہوتا تب تک بھارت سے تجارت نہیں ہو سکتی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے،مسئلہ کشمیرپرمذاکرات کےبغیربھارت سےکوئی بات نہیں ہوگی،پاک بھارت جنرلز نےسیزفائرپراتفاق کیا،سیزفائرسےہمیں فائدہ ہوگا،ہماری بڑی آبادی سرحد کےکنارے رہتی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے عوام سے ماسک پہننے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ پیپلزپارٹی اپنی سیاست میں تبدیلی لارہےہیں،اس تبدیلی کا فائدہ حکومت کو ہوگا، وزیراعظم رمضان میں بنیا دی اشیا کی قیمتوں کو خود مانیٹرکریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے میں بنیادی تبدیلی لانے جارہاہوں،چینی مافیا کےمعاملہ شہزاداکبر دیکھ رہے ہیں،تین سال سےزیادہ ایف آئی اےمیں کوئی نہیں بیٹھےگا،میرا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

وفاقی وزیرداخلہ کا مزیدکہنا تھا کہ اسلام آباد کا موسم اچھا ہے آج یہاں کوئی اپوزیشن نہیں ہے،آصف زرداری چھاتی کےساتھ لگاکرتاش کھیلتےہیں،ان کےآر یا پار کی تاریخیں تبدیل ہوتی رہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو لانگ مارچ کرنا ہی نہیں تھا، اپوزیشن کو لانگ مارچ کرنا ہےتو بڑے شوق سےکرے،ہماری طرف سےاجازت ہے،الیکشن کمیشن کےباہراپوزیشن کے 3ہزار افراد نے احتجاج کیا، لاہورجلسے کے بعد اپوزیشن ٹھس ہوگئی۔

opposition

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

long march

Asif Zardari

Federal Interior Minister