Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پر عزم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی...
شائع 02 اپريل 2021 10:52pm

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کےلئے پرعزم ہے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے علاقے میں تعمیرو ترقی کا نیا باب روشن ہوگا ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گلگت بلتستان میں مواصلاتی روابط میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اوروزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں شمالی علاقہ جات میں مواصلاتی روابط اور انٹرنیٹ کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور متعلقہ امور پر غور کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں مواصلاتی روابط کی بہتری کے حوالے سے خصوصی توجہ دی ہے۔ مواصلاتی روابط کے ضمن میں مختص فنڈز کی تعداد میں موجودہ دور میں ڈھائی سو گنا اضافہ اس عزم اور توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ایس سی او اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ گلگت میں مواصلاتی روابط کی بہتری کے حوالے سے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے پوٹینشل اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے علاقے میں تھری جی اور فور جی سروسز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔

imran khan

PPP