Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

جڑواں یوٹیوبر بھائیوں کو "پرینک" مہنگا پڑگیا

دو امریکی یوٹیوب سٹارز کو عدالت نے "بینک ڈکیتی" کا مذاق کرنے پر...
شائع 01 اپريل 2021 12:07pm

دو امریکی یوٹیوب سٹارز کو عدالت نے "بینک ڈکیتی" کا مذاق کرنے پر سزا سنائی ہے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بدھ کو کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے جڑواں بھائیوں ایلن سٹوکس اور ایلکس سٹوکس کو علیحدہ علیحدہ ایک سو 60 گھنٹے کی کمیونٹی سروس اور ایک سال کے پروبیشن کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

اکتوبر 2019 میں کالے لباس میں ملبوس، ماسک لگائے اور بظاہر نوٹوں سے بھرے بیگ پکڑے دوںوں بھائیوں نے ایک اوبر بلوائی۔ جبکہ وہ اپنے فالورز کے لیے اس سب کی خفیہ عکس بندی بھی کر رہے تھے۔

اوبر ڈرائیور نے جو اس مذاق سے آگاہ نہیں تھا، انہیں بٹھانے سے انکار کر دیا۔ لیکن ایک راہ گیر نے بظاہر کار جیکنگ سمجھ کر ایمرجنسی سروسز پر فون کر دیا اور ڈرائیور کو کچھ ہی دیر بعد پولیس نے بندوق کی نوک پر حراست میں لے لیا۔

اس حوالے سے اورنج کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کے اٹارنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ان جرائم کے نتیجے میں کوئی بھی شدید زخمی یا ہلاک ہو سکتا تھا۔‘ ’ایک بینک ڈکیٹی میں پولیس کا ردعمل عام انداز کا نہیں ہوتا اور یہ پولیس والے حقیقی طور پر ان لوگوں کو بچانے کے لیے جنہیں وہ خطرے میں سمجھتے ہیں، اپنی جان کو داؤ پر لگاتے ہیں۔‘

ڈسٹرکٹ اٹارنی نے دونوں بھائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ نہایت غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی والا رویہ ہے کہ ان دونوں نے پولیس والوں یا معصوم اوبر ڈرائیور جسے بندوق کی نوک پر گاڑی سے باہر آنے کا کہا گیا، کی حفاظت کی بجائے انٹرنیٹ پر اپنے فالورز بڑھانے کو زیادہ اہمیت دی۔‘

ایلن اور ایلکس نے عدالت کی جانب سے ان کی جرم کی نوعیت میں تبدیلی کی رضامندی کے بعد اپنے جرم کا اقرار کیا۔

جبکہ لاس اینجلس میں اوبر والے واقعے کے بعد دونوں بھائیوں سے یہ ہی مذاق وہاں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے کیمپس میں بھی کیا۔ جس سے اب انہیں اجتناب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ جڑواں بھائی سوشل میڈیا پر اپنی ایسی ویڈیوز کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔ ان کے یوٹیوب پر 60 لاکھ سے زائد سبسکرائبر ہیں جبکہ ٹک ٹاک پر فالورز کی تعداد تین کروڑ ہیں۔

jail

Youtubers