Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کے ضلع وسطی کے 3 علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کراچی کے ضلع وسطی کے 3علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ...
اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021 03:12pm

کراچی کے ضلع وسطی کے 3علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

شہر قائد میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ضلع وسطی کے 3مختلف علاقوں کے رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اورگلبرگ کے رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پر لگایا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں گلبرگ میں فیڈرل بی ایریا بلاک 14 کی یوسی نمبر 5، دستگیر یوسی نمبر 6 اور بلاک 15 اور21 کے مخصوص گھر اور اپارٹمنٹس شامل ہیں ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر الیون ای، الیون ایل، فائیو ایل اور فائیو جی کے مکانات نارتھ ناظم آباد میں بلاک این کے 2مکانات اور اطراف کی گلیوں بھی ان علاقوں میں شامل ہیں ۔

انتظامیہ نے آنے اور جانے والے تمام افراد کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، ان علاقوں میں عوامی اجتماعات اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ تمام کاروباری سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی ، کورونا وائرس سے متاثرہ افراد گھروں میں قرنطینہ رہیں گے، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 12 اپریل تک نافذ رہے گا۔

coronavirus

karachi

Centeral District

Micro Smart Lockdown