Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اجے دیوگن پر دہلی کے کلب کے باہر حملے کی خبر زیر گردش

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اجے دیوگن پر دہلی کے کلب کے باہر حملے کی ...
شائع 30 مارچ 2021 12:23pm

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اجے دیوگن پر دہلی کے کلب کے باہر حملے کی خبر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اجے دیو گن پر دہلی کے کلب کے باہر لوگوں نے حملہ کیا یا نہیں؟ ویڈیو اور خبر پر اداکار کی ٹیم کی وضاحت بھی سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا میں دہلی کے کلب کے باہر بالی ووڈ کے ’سنگھم‘ پر حملے کی خبریں اور سوا پانچ منٹ کی ایک ویڈیو بھی زیر گردش ہے۔

اس ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے، اس میں لوگ جسے پیٹ رہے ہیں، وہ بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن ہیں۔

اجے دیوگن کی ٹیم نے اس طرح کی خبر اور ویڈیو کی تردید کی اور ساتھ ہی کہا کہ اجے دیوگن 14 ماہ سے دہلی میں نہیں، وہ فلموں کی شوٹنگ کے سلسلے میں دارالحکومت سے باہر ہیں۔

بالی ووڈ اسٹار کی ٹیم نے خبر اور انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں پٹ رہے شخص کو ’اجے دیوگن‘ کہے جانے کو جھوٹ قرار دیا۔

انہوں نے وضاحت سے کہا کہ اجے دیوگن کے ویڈیو میں ہونے کی بات جھوٹ اور گمراہ کن ہے، بالی ووڈ اسٹار کے مداحوں کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔

اجے دیوگن کی ٹیم نے میڈیا میں زیر گردش خبروں سے متعلق مزید کہا کہ دہلی کے کلب کے باہر بالی ووڈ اداکار پر حملے کی خبر مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجے دیوگن اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ 14 ماہ سے دہلی نہیں گئے۔

ٹیم اجے دیوگن نے مزید کہا کہ بالی ووڈ اداکار اپنے ذمے دارانہ رویے کے لیے شہرت رکھتے ہیں، ویڈیو کے جھوٹ ہونے کے لیے یہی وجہ کافی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں لوگوں کی پٹائی کا نشانہ بننے والا شخص واضح نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ویڈیو کے حوالے سے کچھ بھارتی انٹرنیٹ صارفین کا دعویٰ ہے کہ دہلی کے کلب کے باہر جس شخص کا جھگڑا ہوا وہ اجے دیوگن ہی ہیں، جس کی لوگوں نے پٹائی کی۔

بھارتی انٹرنیٹ صارفین اس جھگڑے کو اجے دیوگن کی جانب سے کسانوں کے احتجاج کی حمایت نہ کرنے اور حکومت کا حامی ہونے سے جوڑ رہے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں ایک شخص نے ممبئی میں اُن کی کار کو روکا اور اداکار سے کسانوں کے احتجاج پر ٹوئٹ کا مطالبہ کیا، جسے بعدازاں گرفتار کیا گیا اور وہ ضمانت پر رہا بھی ہوگیا۔

دہلی کے کلب کے باہر27 مارچ کے جھگڑے پر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور اس جھگڑے سے متعلق بتایا کہ دو گروپوں میں کار کے ہلکے سے تصادم پر لڑائی شروع ہوئی۔

دہلی پولیس کے مطابق کلب کے باہر جھگڑے میں شریک دیگر افرادکو ڈھونڈ رہے ہیں، دونوں گروپس نے کلب کے سیکیورٹی گارڈ کو بھی بیچ بچاؤ کرانے پر زد و کوب کیا۔

New Delhi

Bollywood