تہمینہ دولتانہ، مائزہ حمید کے خاندان اینٹی کرپشن کے نشانے پر
ن لیگی ایم این اے مائزہ حمید اورسابق ممبرقومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ کےخاندان اینٹی کرپشن کے نشانے پر آگئے۔ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کی ایم این اے مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور سینئر رہنما مسلم لیگ ن تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کو 29 مارچ کو طلب کرلیا۔
ڈی سی وہاڑی نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور تہمیہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کے خلاف اندراج مقدمہ کے دو الگ الگ ریفرنس بھیج دیے۔
ریفرنس کےمتن کےمطابق مائزہ حمید کےخاوند عمر ارشد گجر وہاڑی میں محکمہ انہار کی 63 کنال قیمتی سرکاری اراضی پر قابض ہے۔ عمر ارشد گجر نے محکمہ انہار کے افسران کی ملی بھگت سے اسلام ہیڈ ورکس ڈویژن کی زمین پر 15 سال سے قبضہ کر رکھا ہے۔
دوسرے ریفرنس کے مطابق میاں زاہد دولتانہ گزشتہ 15 سال سے محکمہ انہار کی 48 ایکڑ زمین پر قابض ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے چھان بین کرکے ریجنل ڈائریکٹر ملتان کو انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل انکوائری کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.