Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رانی مکھرجی کو ادیتیا چوپڑا سے محبت کیوں ہوئی؟

انڈیا کی مشہور اداکارہ رانی مکھرجی 43 برس کی ہو گئی ہیں، لیکن ...
شائع 21 مارچ 2021 12:20pm

انڈیا کی مشہور اداکارہ رانی مکھرجی 43 برس کی ہو گئی ہیں، لیکن اپنی نجی زندگی کو عوام کے سامنے زیادہ نہیں لاتیں۔

ان کی شادی یش راج فلمز کے سربراہ ادیتیا چوپڑا سے ہوئی ہے اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام ادیرا ہے۔

بالی ووڈ کی یہ مشہور جوڑی اپنے کام کے علاوہ کیمروں سے دور ہی رہتی ہے اور رانی مکھرجی نے بہت کم ادیتیا چوپڑا کے حوالے سے کبھی بات کی ہے۔

لیکن انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز رانی مکھرجی نے ادیتیا چوپڑا کے حوالے سے اپنی پسندیدگی کی وجہ بتائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری جیسی جگہ پر ان کا اپنی نجی زندگی کو برقرار رکھنا ان بڑی وجوہات میں سے ایک ہے جس نے انہیں ان کی جانب متوجہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’میری اپنے شوہر سے محبت کی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی نجی زندگی کو آخری حد تک برقرار رکھتے ہیں۔‘

’میرے لیے انڈسٹری میں اتنے سال رہنے کے بعد وہ واحد شخص تھے جن کی میں حقیقتاً عزت کرتی ہوں۔ اس پیشے میں لوگوں کی عزت کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ آپ ان کے باطن سے واقف ہوتے ہیں تو ادیتیا چوپڑا ان کچھ افراد میں سے ہیں جن کی میں واقعی عزت کرتی تھی اور آج بھی ان کے کردار، ان کے کام کے انداز اور ان کے طرز عمل کی وجہ سے ان کی عزت کرتی ہوں۔‘

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کا کہنا تھا ’کیونکہ میں خود بھی اپنی نجی زندگی کو برقرار رکھتی ہوں تو یہ ہمیں ایک اچھا جوڑا بناتا ہے کیونکہ ہم کہیں نہ جا کر خوش ہیں۔‘

رانی مکھرجی کی آخری ریلیز ہونے والی فلم مردانی ٹو تھی جبکہ ان کے مداح جلد ہی انہیں ان کی نئی آنے والی فلم بنٹی اور ببلی ٹو میں دیکھیں گے۔

Bollywood