Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دمشق کے مضافات میں اسرائیل کا میزائل حملہ

اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں منگل کی رات کو...
شائع 17 مارچ 2021 11:53am

اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں منگل کی رات کو میزائل داغا جس کے جواب میں شام کی فضائیہ نے کارروائی کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی نے مقامی ٹی وی چینل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شام کے ایئر ڈیفنس نظام نے اسرائیل کے کچھ میزائلوں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔

تاہم ٹی وی چینل نے مزید تفصیلات نہیں دیں نہ ہی یہ بتایا کہ دمشق کے کون سے مضافاتی علاقے حملے کی زد میں آئے۔

یہ 28 فروری کے بعد ہونے والے پہلے حملے ہیں جب اسرائیلی میزائل دمشق کے جنوبی مضافات کی طرف داغے گئے تھے۔

گذشتہ چند برسوں میں اسرائیل نے شام میں ایران سے منسلک فوجی اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں لیکن اس طرح کی کارروائیوں کو بہت کم ہی تسلیم کیا ہے۔

اسرائیل اپنی شمالی سرحد پر ایران کی پیش قدمی کو خطرہ سمجھتا ہے اور متعدد بار شام کے اس علاقے میں ایران سے منسلک اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیل ہتھیار لانے والے ان قافلوں کو بھی نشانہ بناتا رہا ہے جو لبنان کے حزب اللہ گروپ کے مرکز کی طرف جاتے ہیں۔

missile attack

Syria