Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی عرب کے تاریخی شہر'فدک' کے بارے میں دلچسپ معلومات

سعودی عرب کا ایک تاریخی شہر جو اپنی تاریخ ، ثقافت اور ادبی اہمیت...
شائع 17 مارچ 2021 10:57am

سعودی عرب کا ایک تاریخی شہر جو اپنی تاریخ ، ثقافت اور ادبی اہمیت کی یادگاروں کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے اپنے منفرد قدرتی ماحول، فضا، میٹھے پانی کے چشموں اور کھجور کی کاشت کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔

سعودی عرب کے اس تاریخی شہر کا پرانا نام 'فدک'ہے اور آج اسے 'حائط' کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مملکت میں موجود قدیم ترین تہذیبی مراکز میں ایک مقام 'فدک' بھی ہے۔ اس کے پرانے نام فدک کی وجہ تسمیہ 'فدک بن حام بن نوح' علیہ السلام کے نام سے منسوب ہونا ہے۔ قبل از اسلام کی شاعری اور ادب میں بھی اس شہر کا تذکرہ ملتا ہے جب کہ اسلامی دور میں بھی کے بارے میں کئی واقعات مشہور ہیں۔

"فدک" شہر ، جو اب "حائط" کہلاتا ہے حائل کے جنوب میں واقع ہے۔ خیبر کے قریبی علاقے واحہ کا کچھ حصہ فدک شہر میں شامل ہے۔ اس کے جنوب مغرب میں حائل کا کچھ حصہ ہے۔ قدیم عرب قبائل ثمود، فنیقون، بائبلی، عمالقہ، بنو ہلال، بنو سلیم، بنو کلاب، اشجع، الدھامشہ، جیسے قبائل اس شہر میں آباد رہے اور ان کی باقیات آج بھی موجود ہیں۔ 556 قبل مسیح اس کا وجود ملتا ہے۔ اس اعتبار سے یہ شہر 2575 سال پرانا ہے۔

سعودی فوٹو گرافر اور آثار قدیمہ کےامور کے ماہر عبدالالہ الفارس نے 'فدک' شہر کے تاریخی مقامات کی سیاحت کے دوران بعض مقامات کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں‌ نے کہا کہ فدک حائل کا سب سے بڑا شہر ہے جو آج کے دور میں کھجور کی کاشت اور پانی کے چشموں کی وجہ سے مشہور ہے۔ الفارس کا کہنا ہے کہ جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے بھی یہ اہمیت کا حامل ہےتاہم فدک کی زرعی اجناس میں کجھور اور گندم زیادہ مشہور ہیں۔

قبل از اسلام یہ شہر یہودیوں کا بھی مرکز رہا ہے۔ ظہور اسلام کے بعد فدک کے یہودیوں نے حضرت محمد صلی اللہ و علیہ وسلم کے ساتھ امن معاہدہ کیا جس کے بعد فدک کو اسلامی ریاست کا حصہ بنا دیا گیا۔

فدک میں کئی پرانی دیواریں اور قلعے ہیں جو اس کی عظمت رفتہ کی گواہی دیتی ہیں۔ شہر میں موجود ایک دیوار کو سب سے بڑی دیوار سمجھا جاتا ہے۔ اس دیوار میں دو داخلی راستے ہیں۔ ایک دروازے کو باب نبوی کہا جاتا ہے۔ یہ دروازہ جنوب میں ہے جب کہ شمال میں موجود دروازے کو'الحبس' کا نام دیا جاتا ہے۔ فدک میں پرانے قلعوں میں القلعہ الحبس، قلعہ جریدہ، قلعہ الغاز، قلعہ ابو شجرہ، قلعہ الحسکانیہ، قلعہ الفدیحہ، الغابہ، البدیعہ اور الزبرہ کے قلعے مشہور ہیں۔

Saudi Arabia

HISTORY