Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

افغان بولر راشد خان کی ٹیم میں سیلیکشن کیسے ہوئی؟

افغانستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ...
شائع 14 مارچ 2021 02:23pm

افغانستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ان کی نیٹ پر بولنگ دیکھ کر انہیں افغانستان کی ون ڈے ٹیم کے لیے منتخب کیا۔‘

راشد خان نے کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے بات کرتے ہوئے افغانستان کی ون ڈے ٹیم میں اپنے انتخاب کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت افغانستان کے دورہ زمبابوے کے لیے انہیں صرف ٹی20 سکواڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ون ڈے ٹیم پہلے روانہ ہو چکی تھی اور وہ کابل میں پریکٹس کر رہے تھے۔‘

راشد خان نے مزید بتایا کہ’وہاں زمبابوے میں انضی بھائی (انضمام الحق) نے ٹیم سے کہا کہ کیا پورے افغانستان میں ایک بھی لیگ سپنر نہیں ہے؟ لیگ سپنر تو ہونا چاہیے۔‘

افغان کرکٹر کے مطابق ’وہ نہیں جانتے کہ کس نے انضمام الحق کو بتایا کہ ’ایک لیگ سپنر ہے اور وہ صرف ٹی20 کا بولر ہے کیونکہ وہ بہت تیز بولنگ کرتا ہے اور ون ڈے میں اتنا اچھا نہیں ہے۔‘

اس پر انضمام الحق نے کہا کہ ’اسے زمبابوے بلاؤ، اگر وہ اچھا نہ ہوا تو اسے صرف ٹی20 کے لیے رکھیں گے۔ اگر اچھا ہوا تو ون ڈے بھی کھلائیں گے۔‘

راشد خان نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’انہیں رات کو کال آئی کہ آپ نے تیار رہنا ہے اور ون ڈے کے لیے زمبابوے جانا ہے۔‘

انہوں ںے بتایا کہ ’وہ بہت پرجوش تھے کہ اب انہوں نے جا کر صرف ٹی20 نہیں بلکہ ون ڈے بھی کھیلنا ہے۔‘

افغانستان کے سٹار لیگ سپنر کے مطابق ’اتنی کم عمری میں ون ڈے کھیلنا ان کا خواب تھا۔‘

انہوں نے اپنے دورہ زمبابوے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’زمبابوے پہنچ کر میرا خیال تھا کہ میں میچ کھیلوں گا لیکن مجھے شام کی ٹیم میٹنگ کے بعد انضی بھائی (انضمام الحق) نے بتایا کہ آپ کل کا میچ نہیں کھیل رہے۔‘

’اس پر میں نے کہا کہ ٹھیک ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ پہلے میں آپ کی بولنگ دیکھ لوں، اس کے بعد فیصلہ کروں گا۔‘

راشد خان نے انضمام الحق کی اس بات کے حوالے سے کہا کہ ’میں نے سوچا ٹھیک ہے، ابھی میرا ایک ٹرائل باقی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پہلا میچ ہم ہار گئے اور اس کے بعد اگلے دن پریکٹس میں انضام الحق نے پیڈ پہن لیے اور کہا وہ مجھے خود کھیلیں گے۔‘

راشد خان نے پاکستان کے مایہ ناز بلے باز کو بولنگ کرنے کے حوالے سے بتایا کہ ’آپ جانتے ہیں کہ انضام الحق کی کٹ شاٹ کتنی اچھی ہے اور میری پہلی دونوں بالز کو انہوں نے کٹ کیا۔‘

’اب میں نے سوچا کہ میں اسی لائن پر رکھ کر انہیں گگلی کروں گا اور ان پریکٹس پچز میں بال بہت بریک ہو رہا تھا۔‘

راشد خان کے مطابق ’انہوں نے انضمام الحق کو گگلی کی اور بال سیدھا ان کے پیڈ پر جا کر لگا۔ اس کے بعد وہ نیٹ سے باہر آئے اور مجھ سے کہا کہ کل آپ میچ کے لیے تیار رہنا۔ آپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔‘

rashid khan

Afghanistan Cricket