Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی عرب میں ملازمت کا نیا قانون آج سے نافذ العمل ہوگا

ریاض:سعودی عرب میں ملازمت کا نیا قانون آج بروز اتوار سے نافذ...
شائع 14 مارچ 2021 09:07am

ریاض:سعودی عرب میں ملازمت کا نیا قانون آج بروز اتوار سے نافذ العمل ہوگا جس کے بعد کفالت کا نظام ختم ہو جائے گا،مملکت میں اس وقت کم وبیش 8.44 ملین غیر ملکی کام کر رہے ہیں جو براہ راست نئے قانون سے مستفید ہوں گے۔

سعودی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری نئے قانون کے نفاذ کے بعدسعودی عرب میں کام کرنےوالے غیر ملکیوں کو مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی جن میں ملازمت کی تبدیلی کا اختیار بھی شامل ہے۔

نئے قانون میں غیر ملکی کارکن کو ایک کمپنی سے دوسری کمپنی کے یہاں ملازمت کی اجازت کیلئے شرائط مقرر کی گئی ہیں،غیر ملکی کارکن پہلے آجر کے یہاں سے دوسرے آجر کے ہاں ملازمت کا مجاز ہے بشرطیکہ نیا آجر ملازمت دینے کیلئے تیار ہو۔

غیر ملکی کارکن موجودہ آجر کی منظوری کے بغیر ملازمت کا مصدقہ معاہدہ ختم ہونے پر دوسرے آجر کے پاس ملازمت کا حق دار ہے۔

ملازمت کا نیا نظام سہ نکاتی ہے اور اس کے چار بڑے مقاصد ہیں،اس میں آجر اور اجیر کے حقوق کا تحفظ، لیبر مارکیٹ میں لچکدار ماحول پیدا کرنا، لیبر مارکیٹ کو مزید پر کشش بنانا اور آجر اور اجیر کے تعلقات کے سلسلے میں ملازمت کے معاہدے کی اہمیت کو منوانا اور اسے مزید مضبوط بنانا شامل ہے۔

وزارت افرادی قوت لیبر مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کو مد نظر رکھ کر نئے قوانین و ضوابط تیار کر رہی ہے،محنتانوں کا تحفظ، ملازمت کے معاہدوں کی توثیق اور پیشہ وارانہ صحت وسلامتی کا فروغ اسی کا حصہ ہے ،یہ لیبر مارکیٹ کو جدید بنانے کی طرف قدم ہے۔

Saudi Arabia

Riyadh