Aaj News

جمعرات, جنوری 16, 2025  
16 Rajab 1446  

نیٹ فلکس کا پاسورڈ شئیر کرنے کے حوالے سے اہم اقدام

نیٹ فلیکس نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ کمپنی ایک ایسے...
شائع 13 مارچ 2021 11:53am
سائنس

نیٹ فلیکس نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ کمپنی ایک ایسے فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جس میں سروس کے استعمال کرنے والے سے اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ وہ اکاؤنٹ ہولڈر، یعنی جس کے نام پر یہ سروس خریدی گئی ہے اس کے گھر سے تعلق رکھتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس سے پاس ورڈ شئیرنگ کے عمل کو محدود کرنا چاہتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق نیٹ فلکس کے بعض صارفین کو یہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں کہ وہ ای میل یا ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے معلومات فراہم کر کے تصدیق کریں کہ وہ جس شخص کے نام نیٹ فلیکس کا اکاؤنٹ ہے اس کے ساتھ رہتے ہیں۔

صارفین کو یہ پیغام مسلسل دیا جاتا رہے گا اور جب بھی وہ نیٹ فلیکس کھولیں گے تو سکرین پر یہ پیغام انہیں موصول ہو گا۔ کچھ عرصے تک اس پیغام کے جواب میں معلومات فراہم نہ کرنے کے نتیجے میں ایسے افراد کو نیا اکاؤنٹ کھولنا پڑے گا۔

نیٹ فلیکس کے ترجمان کے مطابق ’’یہ آزمائش اس لئے کی جا رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صرف وہی لوگ نیٹ فلیکس استعمال کریں جنہیں اس کا اختیار ہے۔‘‘

دنیا کی سب سے بڑی سٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس وقتاً فوقتاً نئے فیچرز کی آزمائش کرتی رہتی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ اکاؤنٹ ہولڈر کے ساتھ رہنے کی تصدیق والا فیچر نیٹ فلیکس تمام اکاؤنٹس پر لازم کرے گا یا نہیں۔

واضح رہے کہ نیٹ فلیکس کی سروس کی شرائط میں یہ شامل ہے کہ سروس استعمال کرنے والا اکاؤنٹ ہولڈر کے ساتھ رہائش پزیر ہو۔ اگرچہ نیٹ فلیکس اور دیگر سٹریمنگ سروسز نے اس سے پہلے پاس ورڈ شئیرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن نہیں کیا۔

Netflix