Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

اداکارہ زیبا کی حالت بگڑگئی، ہسپتال منتقل

ماضی کی معروف اداکارہ زیبا بیگم کی حالت بگڑ گئی۔ زیبا بیگم تشویش...
شائع 09 مارچ 2021 08:54am

ماضی کی معروف اداکارہ زیبا بیگم کی حالت بگڑ گئی۔ زیبا بیگم تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اداکارہ کو اسپتال کی انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

اداکارہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ زیبا بیگم معروف اداکار محمد علی کی اہلیہ ہیں۔ زیبا بیگم کو کچھ دیر بعد ایمبولینس کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

اداکارہ زیبا 10 ستمبر 1945 کو بھارت کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1962 میں فلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ سے کیا۔

زیبا نے اپنے کیریئر میں 90 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی سپر ہٹ فلموں میں ارمان ، ہیرا اور پتھر ، توبہ ، باجی ، محبت ، انسان اور آدمی ، جب جب پھول کھلے ، محبت زندگی ہے اور پھول میرے گلشن شامل ہیں۔

اداکارہ زیبا اور محمد علی کی فلم "چراغ جلتا رہا" کو اس حوالے سے بھی تاریخ میں خاص اہمیت حاصل ہے کہ اس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ان کی فلمی جوڑی وحید مراد اور کمال کے ساتھ بے حد مقبول ہوئی جبکہ ان کی اصل زندگی کی جوڑی محمد علی کے ساتھ جمی۔

زیبا کی پہلی شادی اداکار سدھیر سے 1964 میں ہوئی تھی مگر یہ شادی زیادہ نہیں چل سکی اور دو سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

اپنے دوسرے شوہر اداکار محمد علی کے ہمراہ 50 سے زائد فلموں میں کام کرکے انہوں نے ایک ریکارڈ قائم کیا۔ زیبا کو 4 نگار ایوارڈ اور الیاس رشیدی گولڈ میڈل کے علاوہ دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔

Pakistani Actress

Pakistani Actor