Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سرکاری افسران کو نئی گاڑیاں دینے کا منصوبہ تیار

سادگی اور کم خرچ کا نعرہ بلند کرنے والی تبدیلی سرکار نے اقتدار...
شائع 28 فروری 2021 09:53am

سادگی اور کم خرچ کا نعرہ بلند کرنے والی تبدیلی سرکار نے اقتدار میں آتے ہی وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں سمیت سبھی گاڑیاں بھی نیلام کر دی تھیں۔ مگر کچھ عرصے بعد پھر سے گاڑیاں خریدنے کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا تھا۔

اب پھر پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری بابوؤں کو گاڑیاں دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس پر عملدرآمد ممکنہ طور پر ہوتا بہت جلد دکھائی دے گا۔

حکومت نے افسروں کو گاڑیاں دینے کی نئی پالیسی تیار کرلی ہے، اب ڈپٹی سیکرٹری اور سیکشن افسران کو بھی گاڑیاں ملیں گی۔

نئی پالیسی کے تحت گریڈ بیس کے او ایس ڈی افسر کو گاڑی دی جائے گی۔ محکمہ کے سیکرٹری کو دو گاڑیاں ملیں گی، سیکرٹریز کو ایک گاڑی دفتری استعمال اور ایک ٹور کے لئے دی جائے گی، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈپٹی سیکرٹری کو بھی ایک ہزار سی سی گاڑی ملے گی۔

سیکشن آفیسر کو اضافی ہونے کی صورت میں گاڑی دی جائے گی، اگر پول میں گاڑی نہیں ہوگی تو سیکشن آفیسر کو گاڑی نہیں ملے گی۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے پالیسی منظوری کے لئے ارسال کر دی۔

دوسری جانب محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ٹرانسپورٹ ہول میں گاڑیاں ختم ہو گئیں، محکمہ ہاؤسنگ اور محکمہ ٹورازم نے نئی گاڑیاں مانگ رکھی ہیں۔

نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی سے پول میں گاڑیوں کی شدید کمی ہے، جو گاڑیاں موجود ہیں وہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے افسران میں تقسیم کر رکھی ہیں، پارلیمانی سیکرٹریز کے پاس 2004 ماڈل کی پرانی گاڑیاں ہیں، محکمہ ایس ای ڈ جی اے ڈی نے تمام محکموں کو گاڑیوں کی کمی سے آگاہ کر دیا۔

دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کے اس نئے منصوبے سے بجٹ کو کتنا خسارہ ہو گا اور گاڑیوں کی لاگت پوری کرنے کے لیے عوام کی جیب سے پیسے نکلوانے کی خاطر مزید کتنے اور کیسے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔

PM house