Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بابراعظم کی شاندار اننگز، کنگز نے سلطانز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے...
شائع 27 فروری 2021 06:06pm

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے بابر اعظم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 196 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کیا۔

کنگز کے اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شرجیل 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو بابر اعظم کا ساتھ دینے جو کلارک آئے۔ دونوں نے مل کر 97 رنز کی زبردست شراکت داری قائم کی، جو کلارک 54 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بابر اعظم کا ساتھ دینے کولن انگرام آئے مگر وہ کوئی خاص کارنامہ نہیں دکھاسکے اور صرف 6 رنز بناکر چلتے بنے۔ دوسری جانب بابر اعظم وکٹ پر ڈٹے رہے اور محمد نبی کے ساتھ مل کر ٹیم کی نیّا کو پار لگادیا۔

بابراعظم اور محمد نبی بالترتیب 90 اور 13 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطانز کے شاہنواز دہانی نے 2 وکٹیں اُڑائیں جبکہ سہیل خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 195 رنز بنائے تھے۔ جیمز وِنس 45، کپتان رضوان 43 اور کرس لِن 32 رنز بناسکے۔

اس کے علاوہ صہیب مقصود نے بھی ناٹ آؤٹ 34 رنز کا حصہ ڈالا۔ کراچی کنگز کے ارشد اقبال نے 2 جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، ڈین کرسٹن اور وقاص مقصود ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

بابر اعظم کو 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔

PSL update

PSL 6 Season

KK VS MS