Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت نے انگلینڈ کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر کردیا

احمدآباد: بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں اسپن کے جال میں...
اپ ڈیٹ 25 فروری 2021 10:29pm

احمدآباد: بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں اسپن کے جال میں پھنسا کر 10 وکٹوں سے دھول چٹادی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ کھیلا گیا جو دو روز بھی نہ چل سکا۔ بھارتی ٹیم نے انگلش ٹیم کو اسپن جال میں پھنسا کر 10 وکٹوں سے دھول چٹائی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

اس میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور ٹرننگ وکٹ پر صرف 112 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ اکشر پٹیل نے 6 شکار کئے۔ جواب میں بھارتی ٹیم بھی پہلی اننگز میں صرف 145 رنز بناسکی۔ جو روٹ 5 وکٹیں لے اُڑے۔

انگلینڈ نے 33 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو یہ اننگز مزید تباہ کن ثابت ہوئی اور پوری انگلش ٹیم محض 81 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اکشر پٹیل نے ایک بار پھر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس میچ کیلئے بھارت کی جانب سے اس قدر ٹرننگ وکٹ بنائی گئی کہ 2 دن میں گرنے والی 30 میں سے 28 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔

بھارت نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 49 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کیا اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

اکشر پٹیل کو میچ میں 12 وکٹیں اُڑانے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر فائنل میں ٹکرائے گی۔

cricket

England

ICC